امریکی یونیورسٹی میں داخلے اور جعلی ایچ ای سی اسکالرشپ کے نام پر لاکھوں ڈالر بٹورنے والا انسانی سمگلر گرفتار؛ ایف آئی اے کی سیالکوٹ میں بڑی کارروائی

Spread the love

روزینہ اسماعیل, JULY 24,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 24 جولائی 2026ء

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے سیالکوٹ سے ایک منظم ایجنٹ اور انسانی سمگلر محمد زوہیب ولد محمد ذوالفقار بھٹی کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم سیالکوٹ میں “براڈوے کنسلٹنسی” کے نام سے ایک ایجنسی چلا رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے متعدد طلباء اور درخواست گزاروں کو امریکہ کی یونیورسٹی آف نیواڈا رینو میں داخلے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے فنڈڈ پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا جھانسہ دے کر فی کس 10 ہزار امریکی ڈالر ہتھیا لیے۔

ملزم نے متاثرہ طلباء کو ایچ ای سی پاکستان کے نام پر جعلی اور من گھڑت دستاویزات فراہم کیں، جن کی ایچ ای سی نے تصدیق کے دوران مکمل طور پر جعلی ہونے کی تصدیق کی۔ ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 188/26 کے تحت دفعات 420، 468 اور 109 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

یہ کامیاب کارروائی اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن محمد نعمان کی سربراہی میں اے ایس آئی مظہر شاہ اور ایف آئی اے کی ٹیم نے انجام دی۔