پاکستان تعمیری عالمی موسمیاتی سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے؛ وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک

روزینہ اسماعیل, JULY 24,2026

شاماخی، آذربائیجان (نیوز اینڈ نیوز) — 24 جولائی 2026ء

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، تعمیری عالمی موسمیاتی سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔

وزارتِ موسمیاتی تبدیلی سے جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار آذربائیجان کے شہر شاماخی میں آئندہ اقوامِ متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس (کوپ 31) کے سلسلے میں منعقدہ ہیڈز آف ڈیلیگیشنز ریٹریٹ میں شرکت کے موقع پر کیا۔ یہ کانفرنس نومبر 2026ء میں ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقد ہوگی، جس کے لیے شاماخی میں ترجیحات اور ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا۔

ریٹریٹ کے موقع پر ڈاکٹر مصدق ملک نے کینیا، آذربائیجان اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں کیں:

کینیا کے ساتھ تعاون: کینیا کی کابینہ سیکریٹری ڈاکٹر ڈیبورا ایم باراسا سے ملاقات میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے نئے وژن اور اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی ازسرِنو فعالیت پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں نیروبی نیشنل پارک کے ماڈل سے استفادہ کرنے اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے مشترکہ یادداشتِ تحریر (ایم او یو) کی طرف پیش رفت پر اتفاق کیا گیا۔

آذربائیجان سے روابط: آذربائیجان کے نائب وزیرِ خارجہ یلچن رفییف سے ملاقات کے دوران کوپ 31 کے ایجنڈے اور موسمیاتی امور پر بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے صدرِ آذربائیجان اور ان کی اہلیہ کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، جبکہ دونوں ممالک نے بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترکیہ سے بات چیت: ترکیہ کی نائب وزیر برائے ماحولیات فاطمہ ورنک سے ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان موسمیاتی اقدامات کے عملی فروغ اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔