براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ڈرون حملہ: پاکستان کی شدید مذمت، عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار

Spread the love

منصور احمد ,May 18,2026

رپورٹ: نیوز اینڈ نیوز

اسلام آباد: پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ہونے والے ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں برادر ملک متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

ترجمان کے مطابق جوہری تنصیبات کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا عالمی قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، جبکہ کسی بھی صورت حال میں شہری جوہری تنصیبات کو حملوں کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

دفتر خارجہ نے خبردار کیا کہ اس قسم کی غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں نہ صرف خطے کے امن و استحکام بلکہ عالمی ماحولیات اور انسانی سلامتی کے لیے بھی تباہ کن نتائج پیدا کر سکتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ شہری جوہری انفراسٹرکچر کا تحفظ ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی اصول ہے اور تمام ممالک کو اس کی پاسداری یقینی بنانی چاہیے۔

پاکستان نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں اور مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا واحد مؤثر راستہ بات چیت، سفارتی روابط اور باہمی تعاون ہے