

2026 اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) منصور احمد ،07 مئی
اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز): ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ صومالیہ میں اغوا شدہ جہاز کے تمام عملے کے ارکان محفوظ ہیں اور صومالی حکام بحری قزاقوں سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے جبکہ بحری قزاقی کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی ریاستوں میں ہونے والے انتخابات بھارت کا اندرونی معاملہ ہیں، تاہم پاکستان سندھ طاس معاہدے سے متعلق صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے بہاؤ اور پانی کی آمد سے متعلق تمام ریکارڈ دستاویزی شکل میں موجود ہے اور پاکستان اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے تمام آپشنز پر غور کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد کے دونوں جانب رہنے والے عوام امن چاہتے ہیں اور پاکستان و افغانستان کے عوام کے درمیان کوئی تنازع موجود نہیں۔ ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے عوام مذہب، ثقافت اور تاریخی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، تاہم افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی تعلقات میں مشکلات پیدا کر رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ قبائلی عمائدین کے درمیان ہونے والے معاہدے خوش آئند ہیں، لیکن خطے میں پائیدار امن کیلئے دہشت گردی کے مسئلے کا خاتمہ ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ختم ہو جائے تو دیگر مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کبھی بھی بھارت کے ساتھ مذاکرات سے نہیں کترایا اور ہمیشہ سفارتی راستے کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان کی تحویل میں ہے اور اس معاملے پر قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان بھارتی اسلحہ کی خریداری پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے اور قومی سلامتی کیلئے کم سے کم دفاعی توازن برقرار رکھا جائے گا۔