

منصور احمد ,May 15,2026
اسلام آباد / بیجنگ (نیوز اینڈ نیوز)
پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے پچھتر سال مکمل ہونے کے موقع پر مرکزی تقریب24 مئی کو بیجنگ میں منعقد ہوگی، جبکہ پاکستان چین کاروباری سرمایہ کاری کانفرنس چوبیس مئی کو منعقد کی جائے گی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اہم اجلاس میں پاک چین سفارتی تعلقات کی پچھترویں سالگرہ کی تقریبات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم کو پاکستان چین کاروباری سرمایہ کاری کانفرنس کے انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
حکام کے مطابق کانفرنس میں پاکستان اور چین کے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے اہم کاروباری شخصیات، سرمایہ کار اور دیگر متعلقہ نمائندے شرکت کریں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس کانفرنس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ تقریبات کو بھرپور، منظم اور باوقار انداز میں منعقد کیا جائے تاکہ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی اور ہمہ موسمی تزویراتی شراکت داری کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ ترقی کی بہترین مثال ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات، چین کے سفیر اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔