

محمود احمد May24,2026
نیویارک/نیوز اینڈ نیوز
عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے ایران کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایرانی قومی فٹبال ٹیم کا ورلڈ کپ بیس کیمپ امریکہ کے بجائے میکسیکو منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔ ایرانی فٹبال حکام کے مطابق ٹیم اب اپنی تیاریوں کیلئے میکسیکو کے سرحدی شہر تیخوانا میں قیام کرے گی، جو بحرالکاہل کے قریب اور امریکی سرحد سے متصل اہم شہر سمجھا جاتا ہے۔
ایران فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے ایرانی میڈیا کو بتایا کہ فیفا نے باضابطہ طور پر ایران کی درخواست منظور کر لی ہے، جس کے بعد قومی ٹیم کا پری ورلڈ کپ کیمپ اب امریکہ کے بجائے میکسیکو میں لگایا جائے گا۔ ان کے مطابق تیخوانا میں کیمپ قائم کرنے کا مقصد کھلاڑیوں کو بہتر اور نسبتاً پُرسکون ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ ٹیم عالمی کپ کی تیاری مکمل توجہ کے ساتھ کر سکے۔
رپورٹس کے مطابق ایران کو گزشتہ کئی ماہ سے امریکہ میں سکیورٹی، سفری سہولیات اور ویزا معاملات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا تھا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ رواں ماہ تک بھی متعدد کھلاڑیوں اور آفیشلز کو امریکی ویزے جاری نہیں کیے گئے تھے، جس کے باعث ٹیم انتظامیہ شدید غیر یقینی صورتحال سے دوچار تھی۔
واضح رہے کہ آئندہ فٹبال ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی تک امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوگا۔ یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ تین ممالک مشترکہ طور پر فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔
فٹبال مبصرین کے مطابق ایران کا کیمپ میکسیکو منتقل ہونا ٹیم کیلئے ایک اہم انتظامی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس فیصلے سے کھلاڑیوں کی نقل و حرکت، تربیتی شیڈول اور میچ تیاریوں میں آسانی پیدا ہوگی۔ دوسری جانب ایرانی شائقین بھی امید ظاہر کر رہے ہیں کہ ٹیم سیاسی اور سفری مسائل سے ہٹ کر مکمل توجہ کھیل پر مرکوز رکھ سکے گی