

روزینہ اسماعیل.May 26,2026
مکہ مکرمہ/ نیوز اینڈ نیوز
امامِ مسجد نبوی الشیخ علی الحذیفی نے خطبہ حج دیتے ہوئے امتِ مسلمہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے باہمی اختلافات ختم کرے، تقویٰ و پرہیزگاری کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے اور قرآن و سنت کو مضبوطی سے تھام لے۔
مسجد نمرہ سے دیے گئے خطبہ حج میں الشیخ علی الحذیفی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ واحد معبود ہے اور اسی کی عبادت انسان کی نجات کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل ایمان کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ توحید پر ثابت قدم رہیں اور دنیا کی عارضی زندگی کے بجائے آخرت کی تیاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ قیامت برحق ہے اور ہر انسان کو اپنے اعمال کا حساب دینا ہوگا، اس لیے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ نیک اعمال اختیار کریں، گناہوں اور برائیوں سے بچیں اور اپنی زندگی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات کے مطابق گزاریں۔
خطبہ حج میں امامِ مسجد نبوی ﷺ نے کہا کہ تقویٰ اختیار کرنا ایمان والوں کی شان ہے، مسلمانوں کو ہمیشہ سچ بولنا چاہیے، وعدوں کی پاسداری کرنی چاہیے اور غلط بیانی و دھوکے سے مکمل اجتناب کرنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اللہ کے آخری رسول اور خاتم النبیین ہیں، جبکہ سنتِ نبوی ﷺ کی پیروی ایمان کا بنیادی تقاضا ہے۔
الشیخ علی الحذیفی نے کہا کہ مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ کی نعمتوں پر شکر ادا کرنا چاہیے اور آزمائشوں میں صبر سے کام لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ظلم، ناشکری اور نافرمانی کرنے والی قوموں سے اللہ تعالیٰ نے اپنی نعمتیں واپس لے لیں۔
انہوں نے امت مسلمہ کو تلقین کی کہ ہر مشکل اور مصیبت میں صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے صبر کرنے والوں کیلئے عظیم اجر کی بشارت دی ہے۔
خطیبِ حج نے مسلم امہ کے موجودہ حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج امت کو سب سے زیادہ ضرورت اتحاد، اخوت اور قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان آپس کے اختلافات اور انتشار کو ختم کریں اور اپنی زندگیوں میں تقویٰ، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔
انہوں نے حجاجِ کرام کو ہدایت کی کہ میدانِ عرفات میں عبادات اور دعاؤں پر توجہ دیں اور کسی بھی قسم کی سیاسی یا غیر متعلقہ سرگرمی سے گریز کریں تاکہ حج کا مقدس ماحول اور امن و سکون برقرار رہے۔