موٹروے پولیس کی ایمانداری، 22 لاکھ روپے کے گمشدہ زیورات اصل مالک کو لوٹا دیے

Spread the love

منصور احمد june 18,2026

اسلام آباد (بیورو رپورٹ/نیوز اینڈ نیوز) — 18 جون 2026ء

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ایمانداری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک پر گرا ہوا تقریباً 22 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور قیمتی سامان سے بھرا بیگ تلاش کر کے اس کے اصل مالک کے حوالے کر دیا ہے، موٹروے پولیس کی مرکزی پریس ریلیز کے مطابق گوادر کے قریب شاہراہ پر دورانِ پیٹرولنگ افسران کو ایک لاوارث بیگ ملا جس میں قیمتی سونا موجود تھا، موٹروے پولیس کے اہلکاروں نے فوری طور پر بیگ کو اپنی تحویل میں لے کر خفیہ طور پر مالک کی تلاش شروع کی، ابتدائی طور پر سراغ نہ ملنے پر پولیس نے بیگ کے اندر موجود سامان کی تفصیلات کو صیغہ راز میں رکھتے ہوئے سوشل میڈیا اور مقامی ذرائع پر گمشدہ بیگ کی تشہیر کی تاکہ کوئی جعلی شخص دعویٰ نہ کر سکے، اس مہم کے بعد اصل مالک نے پولیس سے رابطہ کر کے بیگ کی سو فیصد درست نشاندہی اور تمام قانونی ثبوت فراہم کیے جس پر سارا سامان بحفاظت ان کے سپرد کر دیا گیا۔

بیگ کے مالک نے قیمتی اثاثے کی واپسی پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ سفر کے دوران یہ بیگ نادانستہ طور پر سڑک پر گر گیا تھا جس کا انہیں علم بھی نہ ہو سکا، انہوں نے موٹروے پولیس کی بے مثال ایمانداری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دل کھول کر خراجِ تحسین پیش کیا، اس عظیم الشان اور قابلِ ستائش کارکردگی پر ڈی آئی جی ویسٹ زون بلوچستان ڈاکٹر قریش خان نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا باقاعدہ اعلان کیا ہے، ڈی آئی جی ڈاکٹر قریش خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ موٹروے پولیس شاہراہوں پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہمیشہ اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے اور ہمارے جرات مند افسران ہر حال میں قانون کی پاسداری، عوامی خدمت اور محکمہ جاتی اعتماد کے فروغ کے لیے اپنی یہ مقدس ذمہ داریاں اسی احسن انداز میں انجام دیتے رہیں گے۔