پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے سال 27-2026ء کے ایونٹس کیلنڈر کا باضابطہ اعلان کر دیا

Spread the love

محمود احمد, August 03,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 3 اگست 2026ء

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) نے مالی سال 27-2026ء کے لیے اپنا تفصیلی ایونٹس کیلنڈر جاری کر دیا ہے، جس کے تحت جولائی 2026ء سے جون 2027ء تک متعدد قومی و بین الاقوامی سائیکلنگ مقابلے، کورسز اور چیمپئن شپس منعقد کی جائیں گی۔

فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق، جولائی 2026ء میں اسلام آباد کے اندر کمیسائر کورس اور 14 اگست کو تمام صوبائی ہیڈکوارٹرز میں یومِ آزادی کے حوالے سے سائیکل ریسز منعقد ہوں گی۔ اگست میں اسلام آباد میں کوچنگ کورس کے بعد، 19 تا 27 ستمبر کو کینیڈا کے شہر مونٹریال میں یو سی آئی روڈ ورلڈ چیمپئن شپ منعقد ہوگی۔ اکتوبر میں لاہور کے اندر دسویں روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ، جبکہ 6 تا 8 نومبر کو لاہور ہی میں 71ویں ٹریک چیمپئن شپ (سینئر و جونیئر) طے کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، کراچی تا حیدرآباد سائیکل ریس نومبر میں اور دسمبر میں ‘ٹور آف اسلام آباد’ اور قائد اعظم ڈے ریسز ہوں گی۔

سال 2027ء کی شروعات میں جنوری میں ‘ٹور دے پشاور’ اور ایم ٹی بی چیمپئن شپ، فروری میں پشاور کے مقام پر 11ویں روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ اور مارچ میں لاہور میں انٹر پروونشل ٹریک چیمپئن شپ سمیت اسلام آباد میں ساؤتھ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اپریل 2027ء میں ‘ٹور دے گلیات’ اور ایشین کانٹینینٹل چیمپئن شپ کا انعقاد ہوگا جبکہ مئی و جون 2027ء میں اورڈوس (چین) میں ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ، گلگت میں ‘ٹور دی خنجراب’ اور جون 2027ء میں ناران ایم ٹی بی ریس طے کی گئی ہے۔

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے نمائندے کو بتایا کہ ایونٹس کی حتمی منظوری فنڈز کی دستیابی سے مشروط ہوگی، جبکہ قومی ٹیم کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر طے شدہ چیمپئن شپس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ منتخب سائیکلسٹس کی جدید بنیادوں پر تربیت کے لیے خصوصی قومی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے سائیکلسٹس میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اور پچھلی دو سے تین ایشین چیمپئن شپس میں میڈلز جیت کر پاکستانی ایتھلیٹس نے یہ ثابت کیا ہے کہ اگر انہیں معیاری سهولیات اور بین الاقوامی ایکسپوژر ملتا رہے تو وہ عالمی سطح پر ملک کا نام مزید روشن کر سکتے ہیں۔