

کاشف عباسی ,May 11 ,2026
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کے تاریخی ردعمل کی یاد میں ’یومِ بنیانِ مرصوص‘ ہر سال منایا جائے گا، جبکہ انہوں نے پہلگام حملے کے حوالے سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔
وفاقی دارالحکومت میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو “فالس فلیگ آپریشن” کے طور پر استعمال کرتے ہوئے الزام پاکستان پر عائد کیا، مگر عالمی برادری کے سامنے کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا۔
تقریب میں صدر آصف علی زرداری، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سمیت اعلیٰ عسکری و حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے شہداء کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کروائی اور کہا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بلااشتعال جنگ مسلط کی، تاہم پاک مسلح افواج نے بھرپور اور تاریخی جواب دے کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے مؤثر اور طاقتور ردعمل نے بھارت کو صرف چار گھنٹوں میں جنگ بندی کی درخواست پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔
انہوں نے پاک فضائیہ اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ان کے “شاہینوں” کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دشمن کی فضائی برتری کے دعوؤں کو زمین بوس کر دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے “نپے تلے اور حیران کن” جواب کو سراہا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خبردار کیا کہ مستقبل میں کسی بھی بھارتی مہم جوئی کے نتائج نہایت “دردناک” ہوں گے۔