انڈس راس ایکسپو 2026ء انتہائی کامیاب رہی؛ عالمی مسابقت کے لیے روایتی صنعتوں کو مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، وفاقی وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ

Spread the love

محمود احمد, JULY 24,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 24 جولائی 2026ء

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ عالمی معیشت میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو روایتی صنعتوں کو جدید آٹومیشن، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور خودکار نظاموں سے آراستہ کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راس (روبوٹکس اور خودمختار نظاموں) ایکسپو 2026ء کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ انڈس راس ایکسپو 2026ء انتہائی کامیاب رہی، جس میں 20 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ ایکسپو میں اوپن انویٹیشن کے ذریعے موصول ہونے والی 500 سے زائد درخواستوں میں سے 54 کمپنیوں اور 10 اسٹارٹ اپس کو اپنی جدید مصنوعات اور ٹیکنالوجی پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ دنیا صنعتی معیشت سے نالج اکانومی کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیشت کی مضبوطی کے لیے صرف ٹیکسوں میں کمی یا سستی بجلی کافی نہیں ہوگی، بلکہ قومی صنعت کو جدید آٹومیشن اپنائی ہوگی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں روڈ شوز منعقد کیے جائیں گے تاکہ صنعتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی کی افادیت سے آگاہ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ حکومت ایسے خصوصی سمولیٹرز بھی تیار کرے گی جہاں صنعتکار اپنی پیداواری لائنوں میں آٹومیشن کے اثرات کا عملی جائزہ لے سکیں گے۔

وفاقی وزیر نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ آٹومیشن سے روزگار کے مواقع ختم ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے انضمام سے صرف ملازمتوں کی نوعیت تبدیل ہوگی اور مستقبل میں مصنوعی ذہانت، پروگرامنگ اور الیکٹریکل انجینئرنگ میں مہارت رکھنے والے افراد کامیاب ہوں گے۔

دو روزہ ایکسپو کے دوران روبوٹکس، دفاعی ٹیکنالوجی، صنعتی آٹومیشن اور پالیسی ڈائیلاگز پر مبنی متعدد سیمینارز اور تربیتی سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔