

محمود احمد, JULY 22,2026
واشنگٹن (نیوز اینڈ نیوز) — 22 جولائی 2026ء
امریکی انتظامیہ نے یوکرین کے لیے امریکی کانگریس کی جانب سے منظور شدہ 400 ملین ڈالر کی اضافی فوجی امداد کی فوری منتقلی روک دی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، امریکی سینیٹر ڈک ڈربن نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے کانگریس سے منظور شدہ 400 ملین ڈالر کے یہ فوجی فنڈز یوکرین کو فوری منتقل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
الینوائے سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر ڈک ڈربن نے سینیٹ کی اپروپری ایشنز کمیٹی کے اہم اجلاس کے دوران اعلیٰ امریکی عسکری حکام سے سوال کیا کہ کیا انہیں اس بات کی خبر ہے کہ انتظامیہ نے فنڈز کو فی الحال روک دیا ہے اور یہ رقم اگلے امریکی صدر کے منصب سنبھالنے تک دستیاب نہیں ہوگی۔ سینیٹر ڈربن کے اس سوال پر اجلاس میں موجود عسکری قیادت نے معاملے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
سینیٹر ڈربن کا مزید کہنا تھا کہ اخراجات کے موجودہ منصوبے کے تحت اس رقم کے استعمال کی تیاری مالی سال 2029ء کے لیے کی جائے گی اور اس امداد کی بحالی یا منتقلی سے متعلق حتمی فیصلہ آنے والا نیا امریکی صدر ہی کرے گا۔ سینیٹ کی کمیٹی کے اس اہم اجلاس میں امریکی دفاعی حکام اور وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ بھی موجود تھے۔