

روزینہ اسماعیل, August 16,2026
اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 16 اگست 2026ء
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے پاکستان کی یومِ آزادی کی تقریبات کے موقع پر اپنے “ریسرچ ایکسیلنس انسینٹو فریم ورک” کے تحت ایک بڑی علمی و تحقیقی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق فریم ورک کے باقاعدہ اجرا کے صرف ایک سال کے اندر 105 پی ایچ ڈی اساتذہ نے سال دو ہزار پچیس کے دوران 331 اعلیٰ معیار اور عالمی رینکنگ سے متعلق تحقیقی مقالے تحریر کیے، جن سے قومی و بین الاقوامی سطح پر یونیورسٹی کی علمی ساکھ کو بے پناہ تقویت ملی ہے۔ اس منصوبے کا آغاز اگست دو ہزار پچیس میں صدرِ جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کے وژن کے تحت ہوا تھا، جس کے لیے مملکتِ سعودی عرب کے تعاون سے اڑتالیس لاکھ تیس ہزار روپے کے وسائل حاصل کیے گئے۔
فریم ورک کے تحت معیار کے مطابق تیار کیے گئے مقالوں کے لیے ایک سو امریکی ڈالر اور اسی امریکی ڈالر کے مساوی رقم بطور اعزازیہ مقرر کی گئی، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے محققین کے لیے ایک لاکھ پچاس ہزار روپے فی کس کا خصوصی انعام بھی مختص کیا گیا۔ یونیورسٹی کے 501 پی ایچ ڈی اساتذہ میں سے تقریباً 21 فیصد نے اس عالمی رینکنگ منصوبے میں حصہ لیا، جس میں فیکلٹی آف سائنسز 221 مقالوں کے ساتھ سرِفہرست رہی۔ جبکہ فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ صدرِ جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے تمام کامیاب اساتذہ پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ خود ایک تقریب میں ان میں انعامات اور اعزازیے تقسیم کریں گے۔