

محمود احمد, September 12,2026
کراچی (نیوز اینڈ نیوز) — 12 ستمبر 2026ء
بارڈر ہیلتھ سروسز کے فیڈرل ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے تمام مسافروں کے لیے نادرا ڈیجیٹل ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فیڈرل ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے فوکل پرسن ڈاکٹر سید مرتضیٰ شاہ بخاری نے واضح کیا کہ 14 ستمبر 2026ء کے بعد سے کراچی ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے عمرہ زائرین پر نادرا کے جاری کردہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر سفری پابندی عائد ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیو، گردن توڑ بخار (میننجائٹس)، یلو فیور اور انفلوئنزا کی ویکسینیشن کے لیے فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری کو واحد مجاز مرکز مقرر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ نے وضاحت کی کہ گزشتہ روز کے اعلامیے سے یہ غلط تاثر قائم کرنے کی کوشش کی گئی کہ جیسے یہ پابندی تمام بین الاقوامی پروازوں کے عام مسافروں پر عائد کی گئی ہے، جو کہ بالکل غلط ہے؛ یہ ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ فی الوقت صرف اور صرف عمرہ زائرین کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پابندی کا فوری اطلاق کراچی ایئرپورٹ کے مسافروں پر ہوگا، جبکہ بعد میں مرحلہ وار پشاور، اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس کے زائرین پر بھی اس کا اطلاق کیا جائے گا۔ عمرہ زائرین کے بعد حج پر جانے والے مسافروں کے لیے بھی یہی ضابطہ نافذ العمل ہوگا۔
فوکل پرسن نے افریقہ، وسطی اور جنوبی امریکہ سے آنے یا وہاں ۱۰ گھنٹے سے زیادہ کا ٹرانزٹ کرنے والے مسافروں کے لیے ‘یلو فیور’ کی ویکسینیشن کو لازمی قرار دیا۔ ان ممالک سے آنے والے ایک سال یا اس سے زائد عمر کے تمام مسافروں کے لیے پاکستان میں داخلے کے وقت ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانا واجب ہوگا۔
سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرواز سے کم از کم ۶ گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں جہاں ایئرپورٹ ڈیپارچر پر ہیلتھ کاؤنٹرز کے ذریعے ویکسینیشن کا ہنگامی انتظام کیا جا رہا ہے۔ تمام ائیر لائنز کے اسٹیشن منیجرز اور ٹریول ایجنٹس کو آگاہی نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں اور انہیں پابند کیا گیا ہے کہ وہ نادرا سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی زائر کو بورڈنگ کارڈ جاری نہ کریں۔



