ای سی او ممالک موسمیاتی تبدیلی اور خوراک و توانائی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سائنسی تعاون مضبوط کریں؛ خالد حسین مگسی کا خطاب

منصور احمد, JULY 22,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 22 جولائی 2026ء

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ موسمیاتی تبدیلی، پانی و خوراک کے عدم تحفظ، توانائی کی منتقلی، صحتِ عامہ اور نوجوانوں کی بے روزگاری جیسے مشترکہ چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم سائنس فاؤنڈیشن (ای سی او ایس ایف) کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے 6 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر برائے سائنس، تحقیق و ٹیکنالوجی حسین سیمائی سراف، وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی شاہد اقبال بلوچ، ای سی او کے سیکرٹری جنرل سفیر اسد مجید خان، ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کے صدر پروفیسر سید کمال طیبی اور رکن ممالک کے اعلیٰ نمائندوں نے بالمشافہ اور آن لائن شرکت کی۔

وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے معزز مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس اہم اجلاس کی میزبانی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور صنعتی پیداوار میں اضافے کے لیے سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر نے ان ممالک پر بھی زور دیا جنہوں نے تاحال فاؤنڈیشن کے چارٹر کی توثیق نہیں کی کہ وہ جلد از جلد اپنی قومی کارروائی مکمل کریں اور بروقت مالی معاونت فراہم کریں۔

اس موقع پر ایران کے وزیر برائے سائنس حسین سیمائی سراف نے سائنسی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ایران فاؤنڈیشن کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لیے اپنا مالی حصہ ادا کرے گا اور ادارے کی مالی پائیداری کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

خالد حسین مگسی نے اختتامی کلمات میں امید ظاہر کی کہ فاؤنڈیشن کے فیصلے اور سفارشات خطے میں سائنسی تعاون، جدت اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔