اسلام آباد پولیس سٹی زون کی جولائی کے دوران بڑی کارروائی: 13 گینگ ارکان اور 86 اشتہاری مجرمان گرفتار

منصور احمد, August 02,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 2 اگست 2026ء

اسلام آباد پولیس سٹی زون نے گزشتہ ماہ جولائی کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اور مسلسل کارروائیاں کرتے ہوئے 13 گینگ ارکان اور 86 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کا مالِ مسروقہ، طلائی زیورات، منشیات اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔

ایس پی سٹی زون ڈاکٹر ایاز حسین کے مطابق سٹی زون پولیس نے جولائی کے مہینے میں جرائم پیشہ گروہوں کے 13 اہم ارکان کو حراست میں لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 1 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا، جس میں 90 لاکھ روپے سے زائد کے طلائی زیورات، 4 لاکھ روپے نقد رقم، 2 موٹر سائیکلیں، 13 قیمتی موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور بیٹریز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اسی عرصے کے دوران مختلف سنگین جرائم میں ملوث 86 مجرمانِ اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔

ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز حسین نے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری میں جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالتوں میں پیش کیے جائیں گے تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلائی جا سکے، جبکہ برآمد شدہ تمام سامان قانونی طریقہ کار کے تحت اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔