

منصور احمد june 17,2026
دبئی (اسپورٹس ڈیسک/نیوز اینڈ نیوز) — 17 جون 2026ء
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں پاکستانی کرکٹرز کو شدید تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے، دبئی سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق بلے بازوں کی فہرست میں اوپنر صاحبزادہ فرحان ٹاپ تھری میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے والے واحد پاکستانی بلے باز ہیں جو بدستور تیسرے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ ان کے علاوہ پاکستان کے باقی تمام نمایاں بلے بازوں کی رینکنگ گر گئی ہے، تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق صائم ایوب دو درجے گر کر ۳۶ ویں سے ۳۸ ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، سابق کپتان بابر اعظم بھی تین درجے تنزلی کے بعد ۴۱ ویں نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ ٹی ٹونٹی ٹیم کے موجودہ کپتان سلمان علی آغا دو درجے گر کر ۴۳ ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں، اسی طرح جارح مزاج بیٹر فخر زمان بھی ایک پوزیشن سے محروم ہو کر ۷۲ ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما پہلے اور ایشان کشن دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
دوسری جانب اگر بولنگ رینکنگ کی بات کی جائے تو وہاں بھی زیادہ تر پاکستانی بولرز کا گراف نیچے گرا ہے، جہاں اسپنر محمد نواز ۱۱ ویں اور سلمان مرزا ۲۰ ویں نمبر پر برقرار ہیں، وہی مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد ۳۱ ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں، اسپنر عثمان طارق دو درجے گر کر ۶۱ ویں اور سفیان مقیم ایک درجہ تنزلی کے ساتھ ۶۸ ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ صائم ایوب اور شاداب خان بالترتیب ۷۲ ویں اور ۷۴ ویں نمبر پر موجود ہیں، پاکستانی بولرز میں صرف حارث رؤف واحد کھلاڑی رہے جن کی رینکنگ میں بہتری آئی اور وہ ایک درجہ ترقی پا کر ۸۹ ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، بولنگ کی عالمی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے اور بھارت کے ورون چکرا ورتھی دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے مسٹری اسپنر ابرار احمد بدستور تیسری پوزیشن پر مضبوطی سے براجمان ہیں۔