

کاشف عباسی ,june 10,2026
لاہور(نیوز اینڈ نیوز) — 10 جون 2026ء
پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی قیادت اور کوچنگ سیٹ اپ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اندر اہم فیصلے تاحال زیرِ غور ہیں، تاہم کرکٹ بورڈ کے باوثوق ذرائع کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کو فی الحال ان کی کوچنگ کی ذمہ داریوں کے حوالے سے بورڈ کی جانب سے گرین سگنل اور کلین چٹ مل گئی ہے، لاہور اور پی سی بی ذرائع سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں حالیہ بدترین ناکامیوں کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سیٹ اپ میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ اور تبدیلیوں کی افواہیں گرم تھیں، تاہم تمام تر قیاس آرائیوں کو دم توڑتے ہوئے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سرفراز احمد بدستور پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے برقرار رہیں گے اور وہ آئندہ ہونے والے دورۂ ویسٹ انڈیز اور دورۂ انگلینڈ کے اہم ترین معرکوں میں بھی ٹیم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے نظر آئیں گے، دوسری جانب ٹیسٹ کپتان شان مسعود کے مستقبل اور ان کی کپتانی کے حوالے سے تاحال شدید غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، ذرائع کے مطابق شان مسعود اپنی بہترین بیٹنگ فارم کی وجہ سے دونوں دوروں کے لیے بطور کھلاڑی ٹیم میں شامل ہونے کے انتہائی مضبوط امیدوار ہیں، تاہم ان کی کپتانی برقرار رکھنے یا اس منصب میں تبدیلی کرنے کے بارے میں حتمی فیصلہ بورڈ کی جانب سے تاحال التوا کا شکار ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر اب تک سولہ (۱۶) ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے شان مسعود کی کپتانی کے حوالے سے پی سی بی کی اعلیٰ قیادت کے حتمی گرین سگنل کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب پاکستان کی ٹی ٹونٹی ٹیم کے موجودہ کپتان سلمان علی آغا کو ٹیسٹ فارمیٹ کی کپتانی دلوانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے بعض انتہائی اہم اور بااثر حلقوں کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہو چکی ہے جس کے باعث کپتانی کے لیے ان کا نام مضبوطی سے ابھرا ہے، تاہم شان مسعود کے حق میں جو ایک سب سے اہم اور کلیدی نکتہ جا رہا ہے وہ ان کا انگلش کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا وسیع تر تجربہ ہے، جہاں وہ یارکشائر اور ڈربی شائر جیسی نامور کاؤنٹی ٹیموں کی باقاعدہ کامیاب قیادت بھی کر چکے ہیں، کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ دورۂ انگلینڈ کے دوران شان مسعود کا یہ کاؤنٹی کا تجربہ اور وہاں کی کنڈیشنز سے واقفیت قومی ٹیم کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے، واضح رہے کہ شان مسعود پاکستان کی سات مختلف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی کپتانی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں اور اس مختصر ترین عرصے کے دوران وہ مسلسل تبدیلیوں کے باعث پانچ مختلف کوچز کے ساتھ کام کرنے کا انوکھا تجربہ بھی رکھتے ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ پی سی بی انگلینڈ کے اہم ترین دورے سے قبل ٹیسٹ فارمیٹ کی باگ ڈور کس کے حوالے کرتا ہے۔