پاکستان اور پولینڈ کا موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تعاون اور استعداد کار میں اضافے کا عزم

منصور احمد, JULY 23,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

پاکستان اور پولینڈ نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور آفات سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی روابط قائم کرنے، باہمی تعاون کو فروغ دینے اور استعداد کار میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے جاری کردہ بیان کے مطابق پولینڈ کی وزارتِ داخلہ کے بین الاقوامی نمائندے پاویل ڈبروسکی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے پولش وفد کا خیرمقدم کیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے وفد کو این ای او سی کی صلاحیتوں، آفات کے انتباہِ پہلے از وقت ، جدید ٹیکنالوجی، اور قومی سطح پر مربوط ردِعمل کے نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد کو مقامی سطح پر خطرات کی نشاندہی، پیشگی حفاظتی اقدامات، قومی وسائل کی فراہمی اور بین الاقوامی امدادی رابطہ کاری کے مؤثر طریقہ کار پر بھی بریف کیا گیا۔ اس کے علاوہ پولش وفد کو سال 2026ء کے دوران پاکستان اور دیگر ممالک کو ممکنہ طور پر درپیش موسمیاتی و طبیعی خطرات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

پولینڈ کے وفد نے این ڈی ایم اے کے جدید، مؤثر اور عالمی معیار کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تکنیکی و ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔