

محمود احمد, August 05,2026
لاس اینجلس (نیوز اینڈ نیوز) — 5 اگست 2026ء
امریکی سیکورٹی اداروں نے سابق صدر اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر ایک اور مبینہ قاتلانہ سازش کو بروقت ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کیلیفورنیا میں ایک مسلح شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کو لاس اینجلس کے علاقے میں واقع صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملکیت کے گالف کورس کے قریب سے حراست میں لیا گیا جہاں صدر ٹرمپ کو ریپبلکن پارٹی کے ایک چندہ جمع کرنے والے عشائیے میں شرکت کرنا تھی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں تفتیش کاروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 38 سالہ جینین جان ٹائیلے کو رانچو پالوس وردیس میں واقع ٹرمپ نیشنل گالف کورس کے احاطے سے ایک پستول اور غیر قانونی ممنوعہ گولہ بارود کے ساتھ پایا گیا۔ لاس اینجلس شیرف ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ملزم کو گالف کورس کے ارد گرد گھومتے ہوئے، تصاویر اور ویڈیوز بناتے ہوئے اور سیکورٹی پلاننگ کی باریک بینی سے نگرانی کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
حکام کے مطابق گرفتاری اتوار کی دوپہر کو عمل میں آئی۔ ڈونلڈ ٹرمپ ان دنوں ریاست کیلیفورنیا کے دورے پر ہیں تاکہ اسی گالف کورس میں منعقدہ پارٹی کے فنڈ ریزنگ ایونٹ میں شرکت کر سکیں۔ ملزم ٹائیلے کو آتشیں اسلحہ چھپا کر رکھنے اور بکتر شکن و ممنوعہ گولہ بارود پاس رکھنے کے سنگین الزامات میں حراست میں رکھا گیا ہے۔
شیرف ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹائیلے کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب سادہ لباس میں ملبوس وفاقی اہلکاروں نے مقامی حکام کو گالف کورس کے قریب ایک مشکوک شخص کی موجودگی کی اطلاع دی۔ پولیس کی جانب سے سامنا کرنے پر انکشاف ہوا کہ ملزم ایل سیگونڈو پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ڈکیتی کے ایک مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔ ایل سیگونڈو کا علاقہ رانچو پالوس وردیس سے تقریباً 25 کلومیٹر شمال میں واقع ایک خوشحال ساحلی علاقہ ہے۔
پولیس کی جانب سے ملزم کی تلاشی لیے جانے پر اس کے پاس سے 16 گولیوں والی ایک میگزین برآمد ہوئی جو انتہائی خطرناک ‘ہالو پوائنٹ’ گولیوں سے بھری ہوئی تھی، جبکہ گالف کورس کی پارکنگ میں کھڑی اس کی گاڑی سے ایک اور بھرا ہوا پستول اور ہالو پوائنٹ گولیوں سے بھری مزید میگزین برآمد کی گئی۔ واضح رہے کہ ہالو پوائنٹ گولیاں ہدف سے ٹکراتے ہی پھیل جاتی ہیں جس سے جسمانی اعضا کو شدید ترین نقصان پہنچتا ہے، جبکہ ریاست کیلیفورنیا میں 10 سے زیادہ گولیوں والی میگزین پر قانونی پابندی عائد ہے۔