

کاشف عباسی ,May 09 ,2026
واشنگٹن / اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے جاری اصلاحاتی پروگرام کا جائزہ مکمل کرتے ہوئے 1.2 ارب ڈالر کی نئی قسط کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد موجودہ پروگرام کے تحت پاکستان کو ملنے والی مجموعی رقم تقریباً 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس واشنگٹن میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان کی معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور اقتصادی استحکام کیلئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ فنڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان نے ٹیکس اصلاحات، مالیاتی نظم و نسق اور توانائی کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کے شعبوں میں پیشرفت کی ہے، تاہم ملک کو اب بھی بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی قسط کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مسلسل رابطے اور معاشی استحکام برقرار رکھنے کیلئے جاری کوششوں کا مظہر ہے۔
حکومتی حکام کے مطابق نئی قسط سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، مالیاتی دباؤ میں کمی اور معاشی اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔