متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی ہدفی بے دخلی کی خبروں کی تردید

کاشف عباسی ,May 09 ,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) وزارت داخلہ نے متحدہ عرب امارات سے پاکستانی شہریوں کی مبینہ “ہدفی بے دخلی” کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کسی بھی ملک، خصوصاً یو اے ای، کی جانب سے پاکستانیوں یا کسی مخصوص فرقے کے خلاف کارروائی کے شواہد نہیں ملے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور بعض میڈیا رپورٹس میں پاکستانی شہریوں کی بے دخلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کا نوٹس لیا گیا ہے، تاہم تحقیقات کے دوران ایسی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی کہ پاکستانیوں کو مخصوص بنیادوں پر نشانہ بنایا جا رہا ہو۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں متعدد بین الاقوامی میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں، خصوصاً شیعہ مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، کو گرفتار کرکے ملک بدر کیا جا رہا ہے۔

امریکی اخبار “نیویارک ٹائمز” نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران متعدد پاکستانی شہریوں کو اچانک گرفتار، حراست میں لینے اور پھر ڈی پورٹ کرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ رپورٹ میں ان مبینہ اقدامات کو مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک کے تعلقات سے بھی جوڑا گیا تھا۔

تاہم پاکستانی وزارت داخلہ نے ان دعوؤں کو قیاس آرائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور بیرون ملک پاکستانیوں کے تحفظ کیلئے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔