اقوامِ متحدہ میں اسحاق ڈار کا مصروف سفارتی دن، عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں شیڈول

Spread the love

محمود احمد May26,2026

نیو یارک / نیوز اینڈ نیوز

اقوامِ متحدہ: محمد اسحاق ڈار آج اقوامِ متحدہ میں انتہائی مصروف سفارتی دن گزاریں گے، جہاں وہ عالمی امن، سلامتی اور کثیرالجہتی تعاون سے متعلق اہم اجلاسوں اور دوطرفہ ملاقاتوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں چین کی صدارت میں منعقد ہونے والے سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی کھلے مباحثے میں شرکت کریں گے، جس کا عنوان “بین الاقوامی امن و سلامتی کا تحفظ: اقوامِ متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں کی پاسداری اور اقوامِ متحدہ پر مبنی بین الاقوامی نظام کو مضبوط بنانا” رکھا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت وانگ ای کریں گے جبکہ اسحاق ڈار مباحثے سے خصوصی خطاب بھی کریں گے۔

دفترِ خارجہ کے مطابق اس اہم سفارتی سرگرمی کے دوران اسحاق ڈار مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور اقوامِ متحدہ کی اعلیٰ قیادت سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں عالمی اور علاقائی صورتحال، دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور کثیرالجہتی سفارت کاری کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔

ملاقات کرنے والی اہم شخصیات میں جیہون بایراموف، مینوئل تووار، ریبیکا گرینسپان، انتونیو گوتریس، عبداللطیف بن راشد الزیانی، برونو روڈریگیز پریلا، پیٹر ماچنکا اور روزا یولانڈا ویلاویسینسیو شامل ہیں۔

شام کے وقت نائب وزیرِ اعظم اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی جانب سے عرب، اسلامی اور یورپی ممالک کے سفیروں اور مستقل مندوبین کے اعزاز میں دیے جانے والے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے، جہاں مختلف عالمی امور پر غیر رسمی مشاورت متوقع ہے۔

واضح رہے کہ محمد اسحاق ڈار گزشتہ شب 26 تا 28 مئی 2026 کے سرکاری دورے پر نیویارک پہنچے تھے، جہاں وہ پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کریں گے۔