راولپنڈی میں منشیات فروشوں کا راج، نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر

منصور احمد ,May 13,2026

راولپنڈی،(نیوز اینڈ نیوز ) شہر میں منشیات فروشی ایک سنگین مسئلہ بنتی جارہی ہے، جبکہ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ خصوصاً تھانہ رتہ امرال، تھانہ پیرودھائی اور تھانہ گنج منڈی کی حدود میں منشیات فروش کھلے عام سرگرم ہیں اور نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق نالہ لئی کے اطراف، حاجی روڈ، ہزارہ کالونی، رتہ امرال اور ملحقہ علاقوں میں ہیروئن، آئس اور دیگر خطرناک منشیات کی خرید و فروخت دن رات جاری ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متعدد مقامات پر نوجوان سرعام نشہ کرتے دکھائی دیتے ہیں، جس سے نہ صرف علاقے کا امن و سکون متاثر ہورہا ہے، بلکہ جرائم کی شرح میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ شہریوں کے مطابق منشیات فروشوں کے ساتھ ساتھ چھری مار اور دیگر جرائم پیشہ عناصر بھی متحرک ہیں، جس کے باعث عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے الزام لگایا کہ بعض بااثر عناصر اور مبینہ سیاسی پشت پناہی کی وجہ سے منشیات فروش بلا خوف و خطر اپنا دھندا چلا رہے ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو دانستہ طور پر نشے کا عادی بنایا جارہا ہے، جبکہ والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے حوالے سے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ شہریوں نے حکومت پنجاب، اعلیٰ پولیس حکام اور اے این ایف سے مطالبہ کیا ہے کہ جڑواں شہروں راولپنڈی و اسلام آباد کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر آپریشن کیے جائیں اور منشیات فروشوں و ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو نوجوان نسل کا مستقبل مزید خطرے میں پڑ سکتا ہے