

محمود احمد ,May 09 ,2026
نیویارک (نیوز اینڈ نیوز) اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کے زیرِ اہتمام معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں مقررین نے معرکۂ حق کو پاکستان کی قومی قوت، استقامت، سفارتی بصیرت اور عسکری تیاری کا تاریخی مظہر قرار دیا۔
تقریب میں سفارتکاروں، کشمیری رہنماؤں اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی، جبکہ تقریب کا موضوع “معرکۂ حق: پاکستان کی فتح، استقامت، عزم اور انصاف کے سفر کی یادگار” رکھا گیا۔
مقررین نے کہا کہ بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے ذمہ دارانہ، متوازن اور مضبوط ردعمل دے کر واضح کر دیا کہ وہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے لیکن اس کے امن کے عزم کو کمزوری نہیں سمجھا جا سکتا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ معرکۂ حق پاکستان کی حالیہ تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب ہے، جس نے قومی اتحاد، اسٹریٹجک بصیرت اور خودمختاری کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف عسکری میدان میں کامیابی حاصل کی بلکہ سفارتی سطح پر بھی عالمی برادری کے سامنے اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلۂ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے، جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مکالمے، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔
سینیٹر رانا محمود الحسن نے کہا کہ معرکۂ حق نے بھارت کے جارحانہ عزائم اور جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کیا، جبکہ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں نے عالمی سطح پر ملک کے وقار اور مؤقف کو مزید مضبوط بنایا۔ انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں امن مسئلۂ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں۔
قونصل جنرل عامر احمد آتوزئی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے معرکۂ حق کے دوران ذمہ داری، تحمل اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے مکمل تیاری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی حب الوطنی اور پاکستان کیلئے غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا۔
ڈاکٹر غلام مجتبیٰ نے کہا کہ بھارت کے عزائم کو قومی اتحاد، اسٹریٹجک عزم اور پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت کے ذریعے ناکام بنایا گیا، جبکہ ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ معرکۂ حق نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کو مزید بلند کیا اور کشمیری عوام نے بھی پاکستان کی کامیابی کو امید کی علامت قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی رہنما علی راشد نے کہا کہ معرکۂ حق نے ثابت کیا کہ پاکستان ایک مضبوط، باوقار اور ذمہ دار ریاست ہے جو امن بھی چاہتی ہے اور اپنے قومی مفادات کے دفاع کی مکمل صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ جبکہ کشمیری رہنما تاج خان نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان رشتہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے اور بھارت کا پروپیگنڈا عالمی سطح پر ناکام ثابت ہوا۔