ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 5 دہشتگرد ہلاک

کاشف عباسی ,May 09 ,2026

راولپنڈی (نیوز اینڈ نیوز) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے اضلاع ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ٹانک ضلع میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگرد مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک اور کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔