

منصور احمد ,May 18,2026
رپورٹ: نیوز اینڈ نیوز
جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا بازار کی گلشن مارکیٹ میں پیر کے روز ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکہ پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ مبینہ طور پر آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں چیف آف ملک طارق موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ بعد ازاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 3 ہوگئی۔ جاں بحق افراد کی شناخت ملک طارق ولد بسم اللہ خان، ملک سرفراز ولد غلام رسول اور عبدالجبار ولد بارات خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
زخمی ہونے والوں میں سعید انور ولد قدرت اللہ، عمر ولد تاج محمد، راشد خان ولد پائی محمد، میر حسن ولد امان اللہ خان اور صابر ولد کل بازار شامل ہیں۔ تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کے بعد وانا بازار کے متعدد حصے عارضی طور پر بند کر دیے گئے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
مقامی عمائدین اور شہری حلقوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔