کوئٹہ میں ہولناک خودکش حملہ، شٹل ٹرین کو نشانہ بنایا گیا، 14 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

Spread the love

کاشف عباسی ,May 25 ,2026

کوئٹہ/نیوز اینڈ نیوز

: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک اور ہولناک دہشت گرد حملے نے شہر کو دہلا کر رکھ دیا، جہاں اتوار کے روز ایک خودکش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی شٹل ٹرین سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 14 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس اور سکیورٹی حکام کے مطابق حملہ چمن ریلوے کراسنگ کے قریب اس وقت کیا گیا جب شٹل ٹرین 350 سے زائد مسافروں کو لے کر کوئٹہ ریلوے اسٹیشن جا رہی تھی، جہاں سے مسافروں نے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس میں سفر کرنا تھا۔

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ ٹرین کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جبکہ اردگرد کھڑی متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ دھماکے کے مقام پر ایک بڑا گڑھا پڑ گیا اور قریبی رہائشی علاقوں میں بھی شدید نقصان پہنچا۔ کئی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ بعض عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد ہر طرف دھواں، چیخ و پکار اور بھگدڑ مچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں اور شہریوں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ کئی افراد کو ملبے اور تباہ شدہ بوگیوں سے نکالنے کے لیے بھاری مشینری استعمال کی گئی۔

اس افسوسناک حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم سکیورٹی ادارے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق دھماکے کے بعد شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ ریلوے اسٹیشن، اہم شاہراہوں اور حساس تنصیبات کے اطراف اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب ملک بھر کی سیاسی و سماجی شخصیات نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور حملے میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔