

کاشف عباسی , August 01,2026
لاہور (نیوز اینڈ نیوز) — 1 اگست 2026ء
برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ اور روحانی پیشوا حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 983ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقاریب کا باقاعدہ آغاز کل بروز اتوار 2 اگست سے ہو رہا ہے۔ اس عالمی روحانی اجتماع میں شرکت کے لیے اندرون و بیرونِ ملک سے لاکھوں عقیدت مند لاہور پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے ترجمان کے مطابق 2 تا 4 اگست 2026ء تک جاری رہنے والے اس عرس مبارک کے تمام تر سیکیورٹی، انتظامی اور عمرانی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ ملک بھر اور بیرونِ ملک سے آنے والے تمام زائرین کو پرسکون اور محفوظ ماحول میسر آ سکے۔
دربار شریف کے آدھے سے زائد حصے، بھاٹی گیٹ صحن اور گیٹ نمبر 1 اور 2 پر جاری تعمیراتی کام کے پیشِ نظر جامع ٹریفک و داخلہ پلان جاری کیا گیا ہے۔ اس پلان کے مطابق گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، مال روڈ، گلشنِ راوی، یتیم خانہ اور چوبرجی سے آنے والے زائرین بلال گنج کے راستے گیٹ نمبر 5 اور 5-A سے داخل ہوں گے۔ شاہدرہ، بادامی باغ، لاری اڈہ، بتی چوک، آزادی چوک اور اندرون لاہور سے آنے والے زائرین ذیلدار روڈ بھاٹی چوک کے ذریعے گیٹ نمبر 3 استعمال کریں گے، جبکہ خواتین کے لیے افتتاحی تقریب سے قبل گیٹ نمبر 4-A اور تقریب کے بعد گیٹ نمبر 4 مختص رہے گا۔
زائرین کی گاڑیوں کی پارکنگ، وضو اور استنجا خانوں کی سہولیات مینارِ پاکستان، اسلامیہ ہائی اسکول موہنی روڈ، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، سینٹرل ماڈل اسکول ریٹی گن روڈ، اسلامیہ کالج ہال سول لائنز اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن بلال گنج روڈ پر دستیاب ہوں گی، جبکہ محفلِ سماع رشید ایئر لائنز کمپلیکس بلال گنج میں منعقد کی جائے گی۔
عام لنگر کی تقسیم فرنٹ پیازہ بالمقابل بھاٹی گیٹ، لنگر خانہ اور گیٹ نمبر 3 کے برآمدے میں کی جائے گی، جبکہ گھروں سے لنگر لانے والے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے ٹیکسالی گیٹ، ٹبہ بابا فرید اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پر شٹل سروس اور نمائندگان بھی موجود ہوں گے۔ مزید برآں بزرگ شہریوں کی سہولت کے لیے گڑھی شاہو، بادامی باغ، سمن آباد اور چوبرجی چوک سے چار مفت شٹل سروس روٹس فعال رہیں گے، جبکہ اختتامی دعا میں شرکت کے لیے دربار شریف کے اطراف میں ایس ایم ڈی اسکرینز بھی نصب کر دی گئی ہیں۔