ریڈ لائن عبور کرنے والوں کا غرور خاک میں ملا دیا، پاکستان بنیانِ مرصوص بن کر کھڑا رہا: مریم نواز

کاشف عباسی ,May 11 ,2026

لاہور / راولپنڈی (نیوز اینڈ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جس نے بھی پاکستان کی ریڈ لائن عبور کرنے کی کوشش کی، پاکستان نے اس کا غرور مٹی میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بنیانِ مرصوص، یعنی سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر وطن کے دفاع کے لیے متحد کھڑی رہی۔

معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر پر شاندار اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

مریم نواز شریف نے اپنے خطاب میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قومی اتحاد اور عوام کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کو واضح پیغام مل چکا ہے کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی میں “معرکۂ حق اسکوائر” کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ “سگنل فری راولپنڈی” منصوبے کے تحت صرف 179 روز میں 5 انڈر پاسز، 2 اوور ہیڈ برجز اور ایک پیڈسٹرین برج مکمل کیا گیا، جسے شہریوں کیلئے ایک اہم ترقیاتی سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

تقریب کے دوران مریم نواز شریف نے دیگر حکومتی و سکیورٹی حکام کے ہمراہ واہگہ بارڈر پر عوام کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا، جبکہ شرکاء نے قومی پرچم لہرا کر پاک افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔