Latest news

بٹگرام میں 21 ستمبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے انتظامات مکمل: ڈپٹی کمشنر محمد شعیب کی زیر صدارت اہم جائزہ اجلاس

Spread the love

روزینہ اسماعیل, September 18,2026

بٹگرام (نیوز اینڈ نیوز) — 18 ستمبر 2026ء

ضلع بٹگرام میں 21 ستمبر 2026ء سے شروع ہونے والی سب نیشنل امیونائزیشن ڈے (SNID) پولیو مہم کے حوالے سے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر بٹگرام محمد شعیب کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی ریڈینس میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں مہم کے شفاف، مؤثر اور بر وقت انعقاد کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور سکیورٹی اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے ہدف، فیلڈ ٹیموں کی منصفانہ تعیناتی، سکیورٹی کور، مانیٹرنگ کے نظام اور مختلف محکموں کے باہمی رابطوں کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام تر دستیاب سرکاری و انتظامی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پولیو ورکرز اور فیلڈ ٹیموں کو درکار سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مہم کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ انہوں نے ٹیموں کی بروقت فیلڈ میں روانگی اور مقررہ علاقوں میں کوریج سو فیصد یقینی بنانے پر زور دیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد شعیب نے کہا کہ پولیو جیسے موذی اور معذور کر دینے والے مرض کا مکمل خاتمہ ہماری اجتماعی اور قومی ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور سکیورٹی اداروں کو ایک پیچ پر رہ کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام الناس اور والدین سے اپیل کی کہ وہ فیلڈ ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ نسلِ نو کو اس مرض کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

نیوز اینڈ نیوز کی وضاحت:

یہ خبر ضلعی انتظامیہ بٹگرام کے باضابطہ جاری کردہ پریس ریلیز اور ریڈینس میٹنگ کی کارروائی کے مطابق تدوین کی گئی ہے۔

ماخذ: ڈسٹرکٹ ڈیسک، نیوز اینڈ نیوز بٹگرام۔