برازیل سے ڈیپورٹ ہونے والے مسافر کے خلاف ایف آئی اے کی بڑی کارروائی: جعلی ویزے اور غیر قانونی قیام پر مقدمہ درج

Spread the love

منصور احمد, August 11,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 11 اگست 2026ء

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے برازیل سے ڈیپورٹ ہو کر پاکستان پہنچنے والے مسافر کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈیپورٹ ہونے والے مسافر علی رضا ولد محمد عارف کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ 1974ء کی دفعات 3 اور 4 کے تحت پرچہ درج کیا گیا ہے۔ ملزم 9 اگست 2026ء کو غیر ملکی ایئر لائن کی فلائٹ کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا تھا، جس کی ڈیپورٹیشن دستاویزات میں وجہ ‘لو پروفائل ایسائلم سیکر’ درج تھی۔ مربوط نظام کے ریکارڈ سے پتہ چلا کہ ملزم روانہ 17 مئی 2026ء کو لاہور ایئرپورٹ سے وزٹ ویزے پر انڈونیشیا گیا تھا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے انڈونیشیا سے سعودی عرب اور پھر وہاں سے میکسیکو کا ویزا حاصل کیا، جس کے بعد وہ برازیل پہنچا اور ایک دن کے ٹرانزٹ قیام کی بجائے وہاں غیر قانونی طور پر مقررہ مدت سے زائد مقیم رہا۔ قانون شکنی پر برازیلی حکام نے اسے حراست میں لے کر ایمرجنسی پاسپورٹ پر واپس ڈیپورٹ کر دیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کے پاسپورٹ پر چسپاں میکسیکو کا ویزا بھی مکمل طور پر مشکوک اور جعلی پایا گیا ہے۔

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ اس انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک اور جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث ایجنٹوں کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔