

محمود احمد, August 16,2026
لاہور (نیوز اینڈ نیوز) — 16 اگست 2026ء
پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کوچنگ سینٹر لاہور اور نجی ادارے ‘ایکٹیویٹ’ کے درمیان ملک میں کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کی صحت و تندرستی کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کے لیے دیرپا مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں لاہور میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پی ایس بی کوچنگ سینٹر لاہور کی ڈائریکٹر نوریش صبا اور ایکٹیویٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و نیشنل ہسپتال لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رضوان آفتاب احمد نے معاہدے پر باقاعدہ دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت ‘ایکٹیویٹ’ ہر سال یومِ آزادی کے موقع پر پی ایس بی کوچنگ سینٹر لاہور کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی کھیلوں کی تمام سرگرمیوں اور مقابلوں کو باقاعدہ اسپانسر کرے گا، جس سے گراس روٹ لیول کے کھلاڑیوں کو مالی معاونت اور بہتر انتظامی سہولیات میسر آئیں گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نوریش صبا نے اس شراکت داری کو پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا اور جشنِ آزادی کی تقریبات میں انتظامی سہولیات و نقد انعامات کی فراہمی پر ڈاکٹر رضوان کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر رضوان آفتاب نے کہا کہ صحت مند جسم اور ذہن ہی ایک مضبوط قوم کی بنیاد ہوتے ہیں اور یہ معاہدہ نوجوان نسل میں نظم و ضبط اور متحرک طرزِ زندگی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔