

کاشف عباسی , August 01,2026
اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 1 اگست 2026ء
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے مین جی ٹی روڈ، روات میں واقع کھوکھر پلازہ کے مقابل ایک بڑی اور غیر قانونی فارماسیوٹیکل پروڈکشن اور اسٹوریج فیکلٹی پر اچانک چھاپہ مار کر احاطے کو مکمل طور پر سیل کر دیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔ چھاپے کے دوران موقع سے 14,961 مختلف اقسام کی گولیاں، 500 انجیکشنز، مختلف برانڈز کے 20,900 سیرپ اور 4,630 مختلف کریمز برآمد کی گئیں۔ اس کے علاوہ غیر قانونی تیاری میں استعمال ہونے والے 15 لاکھ خالی ہارڈ جیلاٹن کیپسول شیلز، 1,072 کلوگرام خام مال، 66,258 خالی بوتلیں، ایکٹو فارماسیوٹیکل انگریڈیئنٹس ، نیوٹراسیوٹیکل خام مال، پیکنگ میٹریل، فزیشن سیمپلز اور دوا سازی کی جدید مینوفیکچرنگ و پیکنگ مشینری بھی بحقِ سرکار ضبط کر لی گئی۔
تفتیشی ٹیم کے موقع پر معائنے سے انکشاف ہوا کہ اس غیر قانونی فیکٹری میں ڈرگ ریگولیٹری قواعد و ضوابط، گڈ سٹوریج پریکٹسز اور گڈ ڈسٹری بیوشن پریکٹسز کی سنگین ورزیاں کی جا رہی تھیں۔ ادویات کی معیار، حفاظت اور افادیت کے لیے قانون کے مطابق درکار درجہ حرارت اور دیگر ضروری تکنیکی شرائط کا سرے سے کوئی اہتمام نہیں کیا گیا تھا۔
کارروائی کے دوران موجود فیڈرل ڈرگ انسپکٹر نے ڈرگ ایکٹ کے تحت موقع سے ادویات اور خام مال کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری تجزیے کے لیے ارسال کر دیے ہیں، جس کی حتمی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ملوث ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کے ذریعے مزید قانونی اور سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایف آئی اے حکام نے واضح کیا ہے کہ عوام الناس کی زندگیوں اور صحت سے کھیلنے والے جعلی ادویات کے مافیا کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل کا بلاامتیاز کریک ڈاؤن آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہے گا۔