

محمود احمد, August 17,2026
رياض (نیوز اینڈ نیوز) — 17 اگست 2026ء
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا نے ایک اہم نیا سرکلر جاری کرتے ہوئے مملکت کے تمام ہوائی اڈوں پر فعال کمرشل اور پرائیویٹ ایئر لائنز کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں। سرکلر کے تحت تمام ایئر لائنز پر لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ پرواز سے قبل مسافروں کی تمام درکار سفری دستاویزات کی صد فیصد تصدیق ہر صورت یقینی بنائیں۔
خلیجی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گاکا نے واضح کیا ہے کہ ایئر کیریئرز مسافروں کی سعودی عرب میں آمد، روانگی، حتمی منزل، اور ٹرانزٹ والے تمام ممالک کی جدید ترین سفری شرائط و ضوابط کی مکمل چھان بین کریں۔ ایئر لائنز کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ قواعد و ضوابط سے متعلق معلومات محض مستند سرکاری ذرائع یا بااختیار منظور شدہ انتظامی قواعد سے حاصل کی جائیں۔
اس کے علاوہ، تمام ایئر لائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بورڈنگ پوائنٹس پر ضروری احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ بورڈنگ کارڈ حاصل کرنے والے ہر مسافر کی قانونی و سفری دستاویزات کی مکمل جانچ ہو سکے۔ سعودی اتھارٹی نے تمام ایئر لائنز کو خبردار کیا ہے کہ گاکا کی جاری کردہ تمام ہدایات، احکامات اور سرکلرز کی مکمل اور بلا تاخیر پاسداری کی جائے، اور کسی بھی قسم کی غفلت یا ورزی پر سخت قانونی و انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔