

کاشف عباسی , August 24,2026
لاہور (نیوز اینڈ نیوز) — 24 اگست 2026ء
پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیرِ اہتمام جامع القادسیہ میں ایک پروقار اور عظیم الشان ‘سیرت النبیﷺ کانفرنس’ کا انعقاد کیا گیا، جس میں جید علماءِ کرام، مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں درپیش تمام تر قومی و اجتماعی بحرانوں کا واحد حل اور حقیقی فلاح کا راستہ سیرتِ مصطفیٰﷺ پر سچے دل سے عمل پیرا ہونے میں پنہاں ہے۔
کانفرنس سے مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری سیف اللہ قصوری، مدیر شعبہ دعوت و اصلاح حافظ عبدالروف، چیئرمین رابطہ علماء مشائخ قاری محمد یعقوب شیخ، مفتی محمد یوسف طیبی، شیخ الحدیث احسان الحق شہباز، مفتی عبداللطیف، نائب سیکرٹری جنرل خالد نیک گجر، صدر لاہور انجینئر عادل خلیق، جنرل سیکرٹری لاہور چوہدری حمید الحسن گجر، ڈاکٹر بلال شفیق، مولانا ادریس فاروقی، عمر فاروق گجر اور حافظ راشد سندھو سمیت دیگر اہم مذہبی و سیاسی شخصیات نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ سیرتِ طیبہﷺ صرف محض عقیدت اور محبت کا نام نہیں بلکہ یہ زندگی کے تمام شعبوں، قانون، معیشت اور سیاست کے لیے ایک مکمل اور جامع رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
اپنے خطاب میں سیف اللہ قصوری اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان میں عدل، اخوت، خدمت اور فلاح پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے محض نعروں کی نہیں بلکہ اسوۂ حسنہﷺ کی روشنی میں عملی کردار، دیانت اور انصاف کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیرتِ رسولﷺ کو صرف سننے اور بیان کرنے تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں میں نافذ کرنا ہوگا تاکہ کمزور کو انصاف ملے اور شہریوں کی جان و مال محفوظ ہو۔ کانفرنس کے اختتام پر ملک و قوم کے استحکام، امتِ مسلمہ کی سلامتی اور مظلوم مسلمانوں کی نصرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

