دریائے چناب میں سیلابی ریلے کی خبریں بے بنیاد ہیں: پی ڈی ایم اے پنجاب

روزینہ اسماعیل, August 17,2026

لاہور (نیوز اینڈ نیوز) — 17 اگست 2026ء

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے چناب میں ڈیڑھ لاکھ کیوسک کا بڑا سیلابی ریلا آنے کے حوالے سے سوشل میڈیا اور نجی نیوز چینلز پر گردش کرنے والی تمام خبروں کی باقاعدہ تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اس قسم کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور دریاؤں میں پانی کی آمد و رفت فی الوقت مکمل طور پر نارمل ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے واضح کیا کہ ادارہ، محکمہ آبپاشی، فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن اور ارسا کے ساتھ چوبیس گھنٹے مکمل رابطے میں ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر تمام دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں پر پانی کے بہاؤ کی مسلسل ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ دریائے چناب میں اس وقت پانی کا بہاؤ محض 61 ہزار کیوسک ہے جو بالکل نارمل سطح پر ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی ممکنہ سیلابی خطرے کی صورت میں انتظامیہ اور شہریوں کو وقت سے پہلے الرٹ جاری کیا جائے گا۔