پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق، دریائے سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب

منصور احمد, August 18,2026

لاہور (نیوز اینڈ نیوز) — 18 اگست 2026ء

پنجاب کے اکثر دریاؤں میں پانی کی آمد و اخراج معمول کے مطابق ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح بالکل نارمل ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رود کوہیوں میں بھی فی الحال کوئی طغیانی نہیں ہے۔ تاہم دریائے سندھ میں کالا باغ، تونسہ اور چشمہ کے مقام پر اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 33 ہزار کیوسک، چشمہ کے مقام پر 3 لاکھ 18 ہزار کیوسک اور تونسہ کے مقام پر 3 لاکھ 38 ہزار کیوسک درج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع نارووال کے نالہ بسنتر، نالہ ایک اور نالہ پلکھو میں بھی نچلے درجے کی طغیانی کی صورتحال ہے۔ ڈیموں کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو تربیلا ڈیم 100 فیصد بھر چکا ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 70 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا موجودہ چھٹا سپیل 21 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاکڑ نے شہریوں سے موسم اور پانی کی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب سیر و تفریح سے مکمل طور پر گریز کریں اور اپنے بچوں کو ندی نالوں یا دریاؤں میں نہانے کی ہرگز اجازت نہ دیں۔