ملکی ترقی کا انحصار برآمدات اور جدید ٹیکنالوجی پر ہے؛ احسن اقبال کا ایکسپو سینٹر لاہور میں الیکٹرک وہیکلز اور گرین انرجی نمائش سے خطاب

منصور احمد, JULY 25,2026

لاہور (نیوز اینڈ نیوز) — 25 جولائی 2026ء

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی خود مختاری، پائیدار ترقی اور مستقبل کا انحصار درآمداتی انحصار ختم کر کے ‘ڈالر کمانے والی’ برآمداتی معیشت کی تشکیل پر ہے۔ ایکسپو سینٹر لاہور میں جدید الیکٹرک وہیکلز اور توانائِی پاکستان نمائش کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نے الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے فروغ کے لیے 80 ہزار روپے تک سبسڈی سمیت ای وی گاڑیوں پر ڈیوٹیوں میں نمایاں کمی کی ہے تاکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو برقی توانائی پر منتقل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2035ء تک برآمدات کو 100 ارب ڈالر سے زائد تک پہنچانا ہوگا جبکہ ایف بی آر کے نظام کو مکمل ڈیجیٹلائز اور مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ ٹیکس بیس کو وسیع کیا جا سکے۔ امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روایتی جنگ میں دندان شکن شکست کے بعد بھارت اب فتنة الہندوستان کے ذریعے غیر روایتی دہشت گردی کی لہر کو ہوا دے رہا ہے، جسے قوم کے تعاون سے ناکام بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی کے عالمی معیشت اور تیل کی قیمتوں پر اثرات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک مذاکرات کے ذریعے پائیدار امن کی طرف لوٹیں گے۔