

منصور احمد june 19,2026
دبئی (بین الاقوامی امور کے ڈیسک/نیوز اینڈ نیوز) — 19 جون 2026ء
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت نے مشرقِ وسطیٰ کے حالیہ غیر معمولی علاقائی حالات اور فضائی آپریشنز کی معطلی کے باعث امارات میں پھنس جانے والے اوور اسٹے غیر ملکیوں کے لیے ایک بڑے معاشی و قانونی ریلیف پیکیج کا باضابطہ اعلان کیا ہے، اماراتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور بندرگاہی سیکیورٹی (آئی سی پی) نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے غیر معمولی علاقائی سیکیورٹی صورتحال سے متاثرہ افراد کے لیے ۳۰ روزہ ویزا رعایتی مدت دینے کا اعلان کیا ہے جس کے دوران ایسے تمام غیر ملکی اماراتی قوانین کے تحت اپنا قانونی اسٹیٹس درست کر سکتے ہیں یا پھر بھاری جرمانوں کی ادائیگی کے بغیر انتہائی عزت و احترام کے ساتھ ملک سے اپنے وطن واپس روانہ ہو سکتے ہیں، وفاقی اتھارٹی کے مطابق یہ خصوصی رعایتی مدت ۱۰ جون ۲۰۲۶ء سے باقاعدہ نافذ العمل ہو چکی ہے جو ۹ جولائی ۲۰۲۶ء تک نافذ رہے گی اور اس مہلت کا اطلاق ان تمام وزٹ اور رہائشی ویزا ہولڈرز پر ہوگا جو پہلے اوور اسٹے جرمانوں سے مستثنیٰ قرار دیے گئے تھے مگر فلائٹس کینسل ہونے یا دیگر علاقائی حالات کی وجہ سے مقررہ وقت پر یو اے ای چھوڑنے میں ناکام رہے تھے۔
آئی سی پی نے اپنے آفیشل سٹرٹیجک بیان میں واضح کیا ہے کہ اس اہم ترین انسانی اقدام کا بنیادی مقصد اماراتی امیگریشن قوانین پر عملدرآمد کو شفاف بنانا اور خطے کے بحران سے متاثرہ بے قصور افراد کو اپنی قانونی حیثیت درست کرنے کا ایک آخری سنہری موقع فراہم کرنا ہے، اس ۳۰ روزہ مہلت کے دوران جو غیر ملکی افراد متحدہ عرب امارات میں مزید قیام کرنے یا نوکری کرنے کے خواہشمند ہیں، وہ اماراتی لیبر مارکیٹ کے قواعد کے مطابق اپنے رہائشی (رذیڈنس ویزا) یا روزگار کے نئے کاغذات اور اسپانسر شپ فوری اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں جبکہ اپنے ملکوں کو واپس جانے والے مسافر ایئرپورٹ پر کسی بھی قسم کا اوور اسٹے جرمانہ یا اضافی تادیبی کارروائی بھگتے بغیر بحفاظت روانہ ہو سکتے ہیں، اتھارٹی نے اپنے مقتدر بیان میں مزید صراحت کی کہ ماضی میں پھنسے ہوئے مسافروں کو دی گئی تمام چھوٹ خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تھی جو ہنگامی سفری صورتحال میں مسافروں اور مقیم رہائشیوں کو ریلیف دینے کے لیے نافذ کی گئی تھی، تاہم اب امریکہ ایران معاہدے کے بعد چونکہ خطے میں مجموعی فضائی و زمینی حالات تیزی سے معمول پر آ رہے ہیں، اس لیے اب یہ پرانا استثنیٰ مستقل طور پر ختم کیا جا رہا ہے، آئی سی پی نے تمام اماراتی شہریوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں کو سخت ہدایت دی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کی افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے صرف اور صرف حکومت کے تصدیق شدہ سرکاری ذرائع اور آئی سی پی کے پورٹل سے ہی ویزا معلومات حاصل کریں۔