

منصور احمد june 12,2026
نیویارک(نیوز اینڈ نیوز) —12جون 2026ء
پاکستان اور چائلڈ مائنڈ انسٹی ٹیوٹ کے تحت قائم ایس این ایف گلوبل سینٹر فار چائلڈ اینڈ ایڈولیسنٹ مینٹل ہیلتھ نے بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے شعبے میں اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے پر باقاعدہ اتفاق کر لیا ہے جس کے تحت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ نوجوان نسل کے نفسیاتی و ذہنی مسائل کے حل کے لیے عالمی معیار کے ماڈلز متعارف کروائے جائیں گے، نیویارک سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق یہ اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے امریکہ کے سرکاری دورے کے دوران نیویارک میں واقع ایس این ایف گلوبل سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا جہاں ان کے ہمراہ وزارتِ قومی صحت کے سینئر مشیر ڈاکٹر ملک محمد صافی اور ڈاکٹر سید عثمان ہمدانی بھی موجود تھے، دورے کے دوران پاکستانی وفد نے بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے لیے عالمی سطح پر اپنائے جانے والے کامیاب ترین ماڈلز کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور اس بات پر تفصیلی غور کیا کہ ان بین الاقوامی تجربات کو پاکستان میں کس طرح مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکتا ہے جبکہ وفد کو ایس این ایف گلوبل سینٹر کے اعلیٰ ماہرین نے ادارے کے تحقیقی، تربیتی اور ڈیجیٹل پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جن کا بنیادی مقصد کم اور متوسط آمدنی والے ممالک میں ذہنی صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
پاکستانی وفد اور عالمی ماہرین کے مابین ہونے والی اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں چند اہم ترین شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فوری طور پر آگے بڑھانے پر بات چیت ہوئی جن کے تحت اب دونوں فریقین مل کر بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت سے متعلق مشترکہ تحقیق کریں گے، ملک میں ذہنی صحت کے قومی ڈیٹا سسٹمز کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور جدید ترین ڈیجیٹل ذہنی صحت پروگرامز تیار کیے جائیں گے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے اسکولوں اور بنیادی صحت کے مراکز میں ذہنی صحت کی خدمات کا انضمام کیا جائے گا تاکہ نچلی سطح پر بچوں کی کونسلنگ کی جا سکے اور پاکستانی ماہرین سمیت نوجوان محققین کے لیے عالمی فیلوشپ پروگرامز، خصوصی تربیت، رہنمائی اور افرادی قوت کی استعداد میں اضافے کے منصوبے شروع کیے جائیں گے، ملاقات کے دوران پاکستانی وفد نے عالمی ادارے کو بتایا کہ یہ جدید ماڈل پاکستان کی مجوزہ قومی ذہنی صحت پالیسی، نیشنل ہب آف ایکسیلنس فار مینٹل ہیلتھ اور ملک بھر میں بچوں اور نوجوانوں کے لیے ذہنی صحت کی خدمات کے فروغ کے سرکاری منصوبوں سے مکمل مطابقت رکھتا ہے جس پر دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کہ اس ابتدائی رابطے کو فوری عملی شکل دینے کے لیے ایک باضابطہ ادارہ جاتی معاہدے کی جانب پیش رفت کی جائے گی جس کے تحت تحقیق، تربیت، پالیسی سازی اور اختراعات میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، وفاقی وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے چائلڈ مائنڈ انسٹی ٹیوٹ، ایس این ایف گلوبل سینٹر اور انٹرنیشنل ایسوسی ایشن فار چائلڈ اینڈ ایڈولیسنٹ سائکیاٹری اینڈ الائیڈ پروفیشنز کے نمائندوں کو رواں سال یکم اور دو اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والی عالمی یومِ ذہنی صحت کی بڑی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی تاکہ اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔