

کاشف عباسی , September 12,2026
لندن (نیوز اینڈ نیوز) — 12 ستمبر 2026ء
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے مرکزی کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ لندن کے تاریخی و عالمی مذہبی مرکز لیمبتھ پیلس میں انہیں پیش کیا جانے والا “ہیوبَرٹ والٹر ایوارڈ فار ریکنسیلی ایشن اینڈ انٹرفیتھ کوآپریشن 2026” صرف ان کی ذات تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر میں امن، بین المسالک مفاہمت، بین المذاہب ہم آہنگی اور پائیدار رواداری کے لیے عملی جدوجہد کرنے والے ہر فرد کے لیے ایک عظیم اعزاز ہے۔
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی کو یہ عالمی ایوارڈ جمعہ کے روز لیمبتھ پیلس لندن میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران آرچ بشپ آف کینٹربری سارہ مُلالی نے باضابطہ پیش کیا۔ یہ ایوارڈ ان کی ملک و بیرونِ ملک امن، مفاہمت، مذہبی اعتدال، اقلیتوں کے قانونی حقوق کے تحفظ اور پُرامن بقائے باہمی کے لیے دہائیوں پر محیط لازوال خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد عالمی و ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ یہ عالمی کامیابی پاکستان اور پورے عالمِ اسلام کے علماء، مذہبی قیادت اور عام معاشروں کی جانب سے بین المذاہب مکالمے کے فروغ، انتہاپسندی و دہشت گردی کی بیخ کنی اور قیامِ امن کے لیے کی جانے والی انتھک کوششوں کا مثبت اعتراف ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ مسیحی دنیا کے انتہائی اہم اور معتبر مذہبی مرکز لیمبتھ پیلس میں اس اعلیٰ اعزاز کا ملنا پاکستان کی مذہبی قیادت کے بین المذاہب رواداری پر مبنی بیانیے کی عالمی قبولیت کا ثبوت ہے۔ طاہر اشرفی نے زور دیا کہ اس ایوارڈ کو انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف پاکستانی علماء کی وسیع تر اور اجتماعی جدوجہد کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے، جہاں تمام مکاتبِ فکر کے علماء اکٹھے ہو کر کام کر رہے ہیں۔
اقلیتوں کے حقوق کی فراہمی اور تحفظ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے تمام مذاہب کے رہنماؤں کو ساتھ ملا کر امن کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلمان ہوں یا غیر مسلم، جہاں بھی کوئی بھی برادری اقلیت میں آباد ہو، اس کے خلاف کسی بھی قسم کی ناانصافی يا تشدد اسلام اور آئینِ پاکستان کے تحت مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے۔
طاہر اشرفی نے عالمی صورتحال بالخصوص فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کی سنگین مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعات میں گھِرے مظلوموں کو فراموش نہ کرے اور فلسطین میں انسانی حقوق کے تحفظ کو ترجیح دے۔ انہوں نے یہ ایوارڈ امن و رواداری کے لیے قربانیاں دینے والے تمام شہداء، غازیوں، علماء، دانشوروں اور عام شہریوں کے نام معنون کیا۔
واضح رہے کہ ‘ہیوبَرٹ والٹر ایوارڈ’ عالمی لیمبتھ ایوارڈز کی ایک تاریخی کیٹیگری ہے، جس کے ذریعے مختلف عالمی مذاہب کے درمیان مفاہمت، ہم آہنگی اور تعمیری تعاون کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے والی دنیا بھر کی برجستہ شخصیات کا باقاعدہ اعتراف کیا جاتا ہے۔