واپڈا نے ملک کے دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کی آمد و اخراج کے جاری اعداد و شمار جاری کر دیے، تربیلا ڈیم مکمل بھر گیا

Spread the love

روزینہ اسماعیل, August 10,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 10 اگست 2026ء

واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے ملک بھر کے تمام اہم دریاؤں، بیراجوں اور ڈیموں میں پانی کی آمد و اخراج کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ پیر کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق تربیلا ڈیم اپنی انتہائی گنجائش تک بھر چکا ہے جبکہ دیگر اہم آبی ذخائر میں بھی پانی کا ذخیرہ تسلی بخش سطح پر موجود ہے۔

واپڈا رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 99 ہزار 100 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 69 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کی آمد اور اخراج 36 ہزار 200 کیوسک رہا، جبکہ خیرآباد پل پر آمد و اخراج 2 لاکھ 15 ہزار 300 کیوسک درج کیا گیا۔ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر آمد 38 ہزار 300 کیوسک اور اخراج 7 ہزار کیوسک رہا، جبکہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 70 ہزار 100 کیوسک اور اخراج 56 ہزار 200 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

بیراجوں کی صورتحال بیان کرتے ہوئے رپورٹ میں بتایا گیا کہ جناح بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 72 ہزار 900 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 65 ہزار 200 کیوسک رہا۔ چشمہ بیراج میں آمد 2 لاکھ 53 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 44 ہزار 800 کیوسک جبکہ تونسہ بیراج میں آمد 3 لاکھ 30 ہزار کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 9 ہزار کیوسک درج کیا گیا۔ سندھ کے بیراجوں میں گدو بیراج پر آمد 2 لاکھ 73 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 33 ہزار 300 کیوسک، سکھر بیراج پر آمد 1 لاکھ 81 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 28 ہزار 100 کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پر آمد 1 لاکھ 71 ہزار 200 کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 30 ہزار 100 کیوسک ریکارڈ ہوا۔ علاوہ ازیں تریموں کے مقام پر آمد 46 ہزار 400 کیوسک اور پنجند بیراج پر آمد 52 ہزار 200 کیوسک درج کی گئی۔

آبی ذخائر اور ڈیموں کی صورتحال کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح اپنی انتہائی گنجائش 1550 فٹ تک پہنچ چکی ہے اور ڈیم مکمل بھر گیا ہے، جہاں آج قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 5.580 ملین ایکڑ فٹ ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1206.90 فٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی انتہائی گنجائش 1242 فٹ ہے، اور یہاں قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 4.683 ملین ایکڑ فٹ موجود ہے۔ اسی طرح چشمہ ریزروائر میں پانی کی سطح 648.50 فٹ ہے اور قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 0.285 ملین ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔