مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے کاروباری ترقی کے نئے مواقع: وزارتِ آئی ٹی اور میٹا کا چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام کا آغاز

Spread the love

روزینہ اسماعیل, August 19,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 19 اگست 2026ء

مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ سے کاروباری ترقی، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے عالمی ٹیکنالوجی کمپنی “میٹا” کے اشتراک سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

اس مجوزہ تربیتی پروگرام کے تحت ملک کے 9 بڑے شہروں میں ایک ہزار سے زائد کاروباری افراد کو مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو قومی ڈیجیٹل معیشت سے منسلک کرنا اور ان کی آن لائن کاروباری استعداد کار میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔

یہ پروگرام میٹا کے ایشیا پیسیفک خطے کے 12 ممالک پر مشتمل “سمال بزنس ٹریننگ پروگرام” کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس کے ذریعے مقامی کاروباری افراد کو اے آئی ٹولز، جدید ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنے کاروبار کو علاقائی اور عالمی سطح پر وسعت دینے کے مواقع ملیں گے۔ وزارتِ آئی ٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور عالمی کمپنیوں کے ساتھ اس نوعیت کی شراکت داری سے پاکستانی نوجوانوں اور تاجروں کے لیے نئے معاشی راستے کھلیں گے۔