Latest news

غیر منظور شدہ آئی ٹی اداروں اور ڈگریوں کے خلاف بڑا اقدام: وفاقی وزیر احد چیمہ کی کریک ڈاؤن اور جامع پالیسی بنانے کی ہدایت

Spread the love

روزینہ اسماعیل, September 19,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 19 ستمبر 2026ء

وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ سینیٹر احد چیمہ نے ملک بھر میں غیر منظور شدہ اور غیر تسلیم شدہ آئی ٹی تعلیمی اداروں اور پروگراموں کی روک تھام، طلبہ کو غیر قانونی داخلوں سے بچانے اور آئی ٹی گریجویٹس کو بین الاقوامی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ایک جامع و مؤثر نظام فوری طور پر وضع کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔

وزارت اقتصادی امور سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر نے آئی ٹی اسکلز اسیسمنٹ ٹیسٹ اور کمپیوٹنگ ایجوکیشن کے ایکریڈیٹیشن نظام کے تفصیلی جائزے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں آئی ٹی تعلیم کے معیار، طلبہ کی عملی صلاحیتوں، اداروں کی منظوری اور صنعت کی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔ سینیٹر احد چیمہ نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایت کی کہ غیر منظور شدہ اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کا مستند ڈیٹا جمع کیا جائے اور اس سنگین مسئلے کی وسعت کا جامع جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ایسا شفاف نظام بنایا جائے جس سے طلبہ کو یونیورسٹیوں، منسلک کالجوں اور ان کے ڈگری پروگراموں کی منظوری سے متعلق درست معلومات داخلہ لینے سے پہلے ہی میسر اے۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ حالیہ آئی ٹی اسکلز اسیسمنٹ ٹیسٹ میں 188 تعلیمی اداروں کے 33 ہزار سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ وفاقی وزیر نے اسیسمنٹ کے نظام کو بین الاقوامی معیارات اور آئی ٹی انڈسٹری کی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس جانچ پڑتال کے عمل میں شفافیت اور ادارہ جاتی احتساب کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ان طلبہ کے مسائل پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی جو ڈگری مکمل کرنے کے باوجود ٹیسٹ میں ناکام رہتے ہیں یا ڈگری کے بغیر ٹیسٹ پاس کر لیتے ہیں، تاکہ تعلیمی نصاب اور امتحانی طریقہ کار کی کمزوریوں کو دور کیا جا سکے۔

سینیٹر احد چیمہ نے تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبے کے درمیان خلا کو پر کرنے کے لیے پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (P@SHA) اور دیگر صنعتی شرکاء سے مسلسل مشاورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC)، نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (NCEAC) اور صوبائی تعلیمی حکام کے درمیان باہمی رابطہ مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا تاکہ پاکستان کے آئی ٹی گریجویٹس کو بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق تیار کیا جا سکے۔

نیوز اینڈ نیوز کی وضاحت:

اجلاس میں دی گئی ہدایات کا مقصد آئی ٹی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور طلبہ کا تحفظ ہے، تاہم غیر منظور شدہ اداروں کی حتمی فہرست اور تعلیمی پروگرامز کے درمیانی مراحل پر لازمی اسیسمنٹ ٹیسٹ کے تجویز کردہ فیصلے متعلقہ اداروں کی تفصیلی رپورٹس اور حتمی منظوری کے بعد ہی نافذ العمل ہوں گے۔

ماخذ: قومی و آئی ٹی ڈیسک، نیوز اینڈ نیوز اسلام آباد۔