بجٹ 2026-27: سولر پینلز، برقی اور ہائبرڈ گاڑیوں پر مجوزہ ٹیکسوں سے مہنگائی کا نیا خدشہ

کاشف عباسی ,May 30 ,2026

اسلام آباد: (نیوز اینڈ نیوز۔ 30 مئی 2026ء)

آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی تیاریوں کے دوران مختلف شعبوں پر نئے ٹیکسوں کی تجاویز زیر غور ہیں، جن کے باعث سولر پینلز، برقی گاڑیوں اور ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے پر زور دیے جانے کے بعد حکومت مختلف شعبوں میں ٹیکس شرحوں پر نظرثانی کر رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق بجٹ تجاویز میں ماحول دوست ٹیکنالوجی اور متبادل توانائی کے شعبے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ مجوزہ منصوبے کے تحت برقی گاڑیوں پر عائد کم شرح کے ٹیکس میں اضافہ جبکہ ہائبرڈ گاڑیوں پر موجودہ ٹیکس شرح کو مزید بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔ اگر ان تجاویز کی منظوری دی گئی تو برقی کاروں، موٹر سائیکلوں، رکشوں، بسوں، ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔

اسی طرح سولر پینلز پر بھی ٹیکس کی شرح بڑھانے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس سے متبادل توانائی کے منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی گرمی، بجلی کی بلند قیمتوں اور لوڈ مینجمنٹ کے مسائل کے باعث بڑی تعداد میں شہری شمسی توانائی کی جانب راغب ہو رہے ہیں، تاہم نئے ٹیکس نافذ ہونے کی صورت میں سولر نظام کی تنصیب مزید مہنگی ہو جائے گی۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ حکومت محصولات میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاہم ماحول دوست توانائی اور جدید ٹرانسپورٹ کے شعبوں پر اضافی بوجھ سے ان شعبوں کی ترقی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ برقی اور ہائبرڈ گاڑیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ شمسی توانائی کی حوصلہ افزائی ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور توانائی کے بحران سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق بجٹ کی حتمی منظوری اور ٹیکس شرحوں کا اعلان وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے بعد ہی سامنے آئے گا، تاہم مجوزہ اقدامات نے عوام اور کاروباری حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عوامی ریلیف اور محصولات کے اہداف کے درمیان توازن برقرار رکھنا حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

امریکا۔ایران معاہدہ قریب، منجمد فنڈز اور جوہری تنازع اہم رکاوٹ بن گئے: نیویارک پوسٹ

محمود احمد May30,2026

(نیوز اینڈ نیوز۔ 30 مئی 2026ء):واشنگٹن

امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مفاہمتی معاہدے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ پہلے سے کہیں زیادہ قریب ہے، تاہم چند اہم اور حساس معاملات پر مذاکرات ابھی بھی جاری ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم ان کی انتظامیہ کو امید ہے کہ جاری سفارتی کوششیں مثبت نتائج کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں اعلیٰ سطحی مشاورت کے باوجود بعض بنیادی نکات پر اتفاق رائے پیدا نہیں ہو سکا۔

رپورٹس کے مطابق قطر میں منجمد ایرانی اثاثوں کا معاملہ معاہدے میں تاخیر کی سب سے بڑی وجہ بن گیا ہے۔ ایران اپنے منجمد مالی اثاثوں کی فوری واپسی کا مطالبہ کر رہا ہے جبکہ امریکی حکام اس معاملے پر محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تہران نے 12 ارب ڈالر کی فوری ادائیگی کو مذاکرات کی اہم شرط قرار دیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے آبنائے ہرمز میں آزاد بحری آمدورفت اور خطے میں استحکام کو بھی کسی بھی ممکنہ معاہدے کا اہم حصہ قرار دیا۔

ادھر امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکا ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی افواج خطے میں ہر ممکن ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

امریکی مرکزی کمان نے بھی تصدیق کی ہے کہ خطے میں تعینات امریکی فوجی دستے مکمل الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ پیش رفت پر فوری ردعمل دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب ایران نے امریکی بیانات پر محتاط ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک کسی حتمی معاہدے پر اتفاق نہیں ہوا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کا تبادلہ جاری ہے لیکن مذاکرات ابھی فیصلہ کن مرحلے میں داخل نہیں ہوئے۔

ایرانی ذرائع کے مطابق جنگ کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، تاہم جوہری پروگرام، منجمد اثاثوں اور بعض سکیورٹی معاملات پر اختلافات اب بھی برقرار ہیں۔

سیاسی و سفارتی مبصرین کے مطابق اگر امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ طے پا جاتا ہے تو نہ صرف مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں نمایاں کمی آ سکتی ہے بلکہ عالمی معیشت، توانائی کی منڈیوں اور تیل کی قیمتوں پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ تاہم موجودہ اختلافات کو دیکھتے ہوئے مذاکرات کا عمل ابھی مزید وقت لے سکتا ہے۔

مریم نواز کا ستھرا پنجاب کے کارکنوں کیلئے بڑا اعزاز، فی کارکن 10 ہزار روپے انعام کا اعلان

محمود احمد May30,2026

لاہور (نیوز اینڈ نیوز۔ 30 مئی 2026ء)

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ستھرا پنجاب پروگرام کے کارکنوں کے لیے فی کس 10 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کا خصوصی آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا، جس کے دوران ستھرا پنجاب کے کارکنوں نے دن رات محنت کرتے ہوئے قربانی کے جانوروں کی 3 لاکھ 60 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگائیں۔

انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں جاری صفائی مہم میں ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد کارکنوں نے حصہ لیا جبکہ 60 ہزار گاڑیاں اور مشینری آپریشن میں مصروف رہیں۔ قربانی کی آلائشیں اٹھانے والی گاڑیوں نے مجموعی طور پر 60 لاکھ کلومیٹر سے زائد فاصلہ طے کیا۔

وزیر اطلاعات کے مطابق لاہور سے اٹک، ملتان، رحیم یار خان اور صادق آباد سمیت پنجاب کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں بلا تعطل صفائی آپریشن جاری رکھا گیا۔ شہریوں کو تعفن اور ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے عرقِ گلاب، فینائل اور چونے کا وسیع پیمانے پر استعمال کیا گیا جبکہ پنجاب کی چار ہزار سے زائد سڑکوں کو عرقِ گلاب سے دھویا گیا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صفائی آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی اور بہترین کارکردگی پر ستھرا پنجاب کے کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے خصوصی نقد انعامات کا اعلان کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ستھرا پنجاب کی ٹیموں نے عید کے موقع پر 60 ہزار سے زائد مساجد، امام بارگاہوں اور عید گاہوں کی صفائی بھی یقینی بنائی، جبکہ ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی تمام شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ صفائی آپریشن کی کامیابی پر پنجاب کے شہریوں نے بھی اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے، جبکہ حکومت صوبے کو صاف، سرسبز اور صحت مند بنانے کے مشن پر پوری سنجیدگی سے عمل پیرا ہے۔

نیشنل بینک نے بڑی عالمی کرنسیوں کی نئی شرحِ تبادلہ جاری کر دی

کاشف عباسی ,May 30 ,2026

اسلام آباد: (نیوز اینڈ نیوز۔ 30 مئی 2026ء)

نیشنل بینک آف پاکستان نے ہفتہ کے روز مختلف عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی نئی شرحِ تبادلہ جاری کر دی ہے۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈ، یورو، سعودی ریال، اماراتی درہم اور جاپانی ین سمیت اہم غیر ملکی کرنسیوں کی خرید و فروخت کی قیمتوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

نیشنل بینک آف پاکستان کے مطابق امریکی ڈالر کی قیمتِ خرید 277.29 روپے جبکہ قیمتِ فروخت 280.29 روپے مقرر کی گئی ہے۔

برطانوی پاؤنڈ کی قیمتِ خرید 373.27 روپے اور قیمتِ فروخت 377.74 روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ یورو کی قیمتِ خرید 322.34 روپے اور قیمتِ فروخت 326.17 روپے رہی۔

اسی طرح جاپانی ین کی قیمتِ خرید 1.7433 روپے جبکہ قیمتِ فروخت 1.7640 روپے مقرر کی گئی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے درہم کی قیمتِ خرید 73.82 روپے اور قیمتِ فروخت 74.70 روپے رہی، جبکہ سعودی ریال کی قیمتِ خرید 75.93 روپے اور قیمتِ فروخت 76.32 روپے ریکارڈ کی گئی۔

مالیاتی ماہرین کے مطابق عالمی منڈیوں میں کرنسیوں کی قدر میں اتار چڑھاؤ، بین الاقوامی معاشی حالات اور مقامی اقتصادی عوامل شرحِ تبادلہ پر اثرانداز ہوتے ہیں، جس کے باعث کرنسیوں کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی دیکھنے میں آتی ہے۔

اہم کرنسیوں کی شرحِ تبادلہ

کرنسیقیمتِ خریدقیمتِ فروخت
امریکی ڈالر277.29 روپے280.29 روپے
برطانوی پاؤنڈ373.27 روپے377.74 روپے
یورو322.34 روپے326.17 روپے
سعودی ریال75.93 روپے76.32 روپے
اماراتی درہم73.82 روپے74.70 روپے
جاپانی ین1.7433 روپے1.7640 روپے

نیشنل بینک کی جانب سے جاری کردہ یہ نرخ بین الاقوامی مالیاتی رجحانات اور ملکی زرِمبادلہ مارکیٹ کی صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں

“ایشیا ہاکی کپ: پاکستان کا شاندار آغاز، چین کو 3-0 سے زیر کر لیا”

کاشف عباسی ,May 30 ,2026

کاکامیگاہارا (جاپان) (نیوز اینڈ نیوز۔ 30 مئی 2026ء)

انڈر 18 ایشیا ہاکی کپ 2026 میں پاکستان نے اپنے پہلے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر چیمپئن شپ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔

ایشیائی ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں جاری چیمپئن شپ میں قومی نوجوان کھلاڑیوں نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پورے مقابلے کے دوران چینی ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔

پاکستان کی جانب سے پہلا گول مقابلے کے چھٹے منٹ میں عثمان نے اسکور کیا، جس کے بعد گیارہویں منٹ میں عدیل نے دوسرا گول کرکے برتری کو مزید مستحکم بنا دیا۔ قومی ٹیم نے عمدہ دفاعی اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو واپسی کا کوئی موقع نہ دیا۔

مقابلے کے چھپن ویں منٹ میں یاسین نے تیسرا گول اسکور کرکے پاکستان کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔ پاکستانی کھلاڑی اسنان کو شاندار کھیل پیش کرنے پر مقابلے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس کامیابی کے بعد قومی ٹیم اپنے اگلے مقابلے میں 31 مئی کو ملائیشیا کا سامنا کرے گی، جبکہ تیسرا میچ 3 جون کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا جائے گا۔ دونوں مقابلے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے شروع ہوں گے۔

چیمپئن شپ کے ابتدائی مرحلے کے مقابلے یکم جون تک جاری رہیں گے، جس کے بعد آخری چار ٹیموں کے مرحلے اور درجہ بندی کے میچز کا آغاز ہوگا۔ آخری چار ٹیموں کے مقابلے 5 جون جبکہ فائنل اور تیسری پوزیشن کا مقابلہ 6 جون کو کھیلا جائے گا۔

پاکستانی شائقین ہاکی نے قومی نوجوان ٹیم کی شاندار فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ گرین شرٹس پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھیں گے۔

“پاک آسٹریلیا ون ڈے: راولپنڈی اسٹیڈیم کے گرد سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات، 4,500 اہلکار تعینات”

منصور احمد ,May 30,2026

راولپنڈی (نیوز اینڈ نیوز۔ 30 مئی 2026ء)

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے موقع پر راولپنڈی پولیس نے سکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی اور جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ شائقین کرکٹ، کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں ہائی الرٹ سکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی۔ کی ہدایت پر راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور اس کے اطراف فول پروف سکیورٹی حصار میں تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ میچ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے راولپنڈی پولیس کے 4 ہزار 500 سے زائد افسران اور اہلکار مختلف مقامات پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو مسلسل بریفنگ دی جا رہی ہے۔ اسٹیڈیم کے اطراف موجود اہم عمارتوں پر روف ٹاپ سنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

سکیورٹی صورتحال کی نگرانی کے لیے جدید سیف سٹی کیمروں اور دیگر سی سی ٹی وی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے جبکہ ایک خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں سے تمام سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ متعلقہ تھانوں کی موبائل گاڑیاں، ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کے دستے اسٹیڈیم اور گرد و نواح میں مسلسل گشت کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔

شائقین کرکٹ کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی نافذ کیا گیا ہے جس کے تحت مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور پارکنگ کے مناسب انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ پولیس نے شہریوں اور شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک پلان اور سکیورٹی ہدایات پر عمل کریں تاکہ میچ کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کا کہنا ہے کہ پاک آسٹریلیا سیریز کے پہلے ون ڈے میچ کے لیے تمام سکیورٹی انتظامات بین الاقوامی معیار کے مطابق کیے گئے ہیں اور کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو محفوظ ماحول فراہم کرنا راولپنڈی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

نیوز اینڈ نیوز کے مطابق راولپنڈی میں کرکٹ کے اس بڑے مقابلے کے لیے سکیورٹی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں جبکہ شائقین کرکٹ ایک محفوظ اور پرجوش ماحول میں میچ سے لطف اندوز ہوں گے۔

پاکستانی نژاد حمزہ شیراز نے تاریخ رقم کر دی، عالمی باکسنگ چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کر لیا

منصور احمد ,May 30,2026

لندن/برلن (نیوز اینڈ نیوز۔ ٣٠ مئی 2026ء)

لندن/برلن: کھیلوں کی دنیا میں ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن ہو گیا۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی باکسنگ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ حمزہ شیراز نے جرمنی کے حریف باکسر ایلم بیگچ کو دوسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے ڈبلیو بی او سپر مڈل ویٹ عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

26 سالہ حمزہ شیراز نے فائٹ کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور مسلسل درست و طاقتور پنچز کے ذریعے اپنے جرمن حریف کو دفاعی پوزیشن اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔ مقابلے کے دوسرے راؤنڈ میں حمزہ شیراز کے خطرناک لیفٹ ہک نے ایلم بیگچ کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے بعد وہ سنبھل نہ سکے اور ریفری نے مقابلہ فوری طور پر روک کر حمزہ شیراز کو فاتح قرار دے دیا۔

اس تاریخی کامیابی کے ساتھ حمزہ شیراز نے ریٹائر ہونے والے عالمی شہرت یافتہ باکسر ٹیرنس کرافورڈ کی خالی کردہ ڈبلیو بی او سپر مڈل ویٹ چیمپئن شپ بیلٹ جیت لی اور اپنے کیریئر کا سب سے بڑا اعزاز حاصل کیا۔

کامیابی کے بعد جذباتی منظر بھی دیکھنے میں آیا جب حمزہ شیراز نے رنگ میں سجدۂ شکر ادا کیا اور اپنی ٹیم کے ہمراہ تاریخی فتح کا جشن منایا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی چیمپئن بننا ان کے کیریئر کا ایک اہم سنگ میل ہے اور اب وہ 168 پاؤنڈ کیٹیگری کے تمام بڑے عالمی باکسرز کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

حمزہ شیراز اس سے قبل بھی بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں۔ ستمبر 2024 میں انہوں نے ٹائلر ڈینی کو شکست دے کر یورپی مڈل ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، جبکہ اب عالمی چیمپئن بن کر انہوں نے اپنے کیریئر کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔

حمزہ شیراز کی اس شاندار کامیابی پر پاکستان اور برطانیہ سمیت دنیا بھر میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے اس کامیابی کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔ کھیلوں کے حلقوں کا کہنا ہے کہ حمزہ شیراز کی یہ تاریخی فتح نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک نئی امید اور تحریک بنے گی۔

نیوز اینڈ نیوز کے مطابق عالمی باکسنگ چیمپئن بننے والے حمزہ شیراز نے نہ صرف اپنے خاندان اور مداحوں کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ دنیا بھر میں پاکستانی قوم کا نام بھی روشن کر دیا ہے۔

عید پر عوام کیلئے بڑا تحفہ: پٹرول اور ڈیزل 22، 22 روپے سستا کرنے کا اعلان

کاشف عباسی ,May 29 ,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز۔ 29 مئی 2026ء)

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عید کے تیسرے روز عوام کے لیے اہم ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی منظوری دی۔ حکومت کے اس فیصلے سے لاکھوں گاڑی مالکان، موٹر سائیکل سواروں، ٹرانسپورٹ سیکٹر اور عام صارفین کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی مالی گنجائش پیدا ہوگی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے اس کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچایا جائے گا۔ آج حکومت نے اپنے اسی وعدے پر مکمل عمل کرتے ہوئے عوام کو عید کا تحفہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔ حکومت مستقبل میں بھی عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی پالیسی برقرار رکھی۔ پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے ایندھن پر خصوصی سبسڈی بھی فراہم کی گئی تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں تیل کے بحران کے دوران عوام کو ایندھن کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم پاکستان میں بروقت حکومتی اقدامات کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی گئی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باوجود حکومت نے عوام پر اضافی بوجھ منتقل کرنے کے بجائے 130 روپے فی لیٹر سے زائد سبسڈی برداشت کی اور قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا۔

حکومت کے اس تازہ فیصلے کو عوامی ریلیف کے حوالے سے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل پر پڑنے والے اخراجات بھی کم ہونے کی توقع ہے، جس کا مثبت اثر عام صارفین تک پہنچ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کے لیے ایک اہم معاشی ریلیف قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت نے آئندہ بھی عوامی سہولت کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی لازوال خدمات، سفیر عاصم افتخار کا عالمی امن کے لیے عزم کا اعادہ

محمود احمد May29,2026

نیویارک/ اقوامِ متحدہ(نیوز اینڈ نیوز۔ 29 مئی 2026ء)

اقوامِ متحدہ کے امن کاروں کے عالمی دن کے موقع پر اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور استحکام کے قیام کے لیے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں اپنی تاریخی اور نمایاں خدمات جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔

29 مئی کو جاری اپنے خصوصی پیغام میں سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر نیلے پرچم تلے خدمات انجام دینے والے تمام امن کاروں کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف تنازعات زدہ اور غیر مستحکم خطوں میں امن کے قیام کے لیے خدمات انجام دینے والے امن کار انسانیت کے حقیقی سفیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں شرکت صرف ایک ذمہ داری نہیں بلکہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ اور کثیرالجہتی تعاون سے وابستگی کا عملی اظہار ہے۔ پاکستان سن 1960 سے اب تک دنیا بھر میں اقوامِ متحدہ کے مختلف امن مشنز میں 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد فوجی اور سویلین امن کار بھیج چکا ہے، جنہوں نے انتہائی مشکل اور خطرناک حالات میں اپنے فرائض انجام دیے۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے ان 183 پاکستانی امن کاروں کو بھی زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم قربانیاں پاکستان کے عالمی امن کے لیے غیر متزلزل عزم کی روشن مثال ہیں اور پوری قوم اپنے شہداء پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے امن مشنز دنیا میں امن قائم رکھنے کے لیے عالمی برادری کے پاس موجود سب سے مؤثر، عملی اور نسبتاً کم لاگت ذرائع میں شمار ہوتے ہیں۔ یہ مشنز شہریوں کے تحفظ، جنگ بندی کی نگرانی، تشدد کی روک تھام، سیاسی عمل کی معاونت، انسانی امداد کی فراہمی اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں امن کاروں کو بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقوامِ متحدہ کے امن کاروں پر حملے ناقابلِ قبول ہیں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ایسے اقدامات جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ امن کاروں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کا احتساب یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن اور امن مشنز کے لیے بڑے فوجی دستے فراہم کرنے والے ملک کی حیثیت سے پاکستان امن کارروائیوں کو مزید مؤثر، محفوظ اور مستحکم بنانے کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان امن کاروں کی حفاظت، احتساب، بہتر کارکردگی اور پائیدار مالی معاونت کے حوالے سے جاری عالمی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے امن مشنز کے مستقبل اور ان کی افادیت کے جائزے کے عمل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں امن کارروائیوں کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر سفیر عاصم افتخار احمد نے دنیا بھر میں خدمات انجام دینے والے تمام امن کاروں کو سلام پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی امن، استحکام اور اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کے فروغ کے لیے اپنی تاریخی ذمہ داریاں مستقبل میں بھی پوری کرتا رہے گا۔

عید تعطیلات میں مری میں فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن، 98 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، جرمانے اور دکانیں سیل

کاشف عباسی ,May 29 ,2026

راولپنڈی (نیوز اینڈ نیوز۔ 29 مئی 2026ء)

عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران مری میں سیاحوں کے غیر معمولی رش کے پیش نظر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سیاحتی مقامات پر خوراک کے معیار اور صفائی کی صورتحال چیک کرنے کیلئے خصوصی آپریشن کرتے ہوئے 98 فوڈ پوائنٹس کی تفصیلی انسپکشن کی، جبکہ متعدد ہوٹلوں اور فوڈ پوائنٹس کے خلاف سخت کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق مری، نیو مری، پتریاٹہ، مال روڈ اور مری ایکسپریس وے سمیت مختلف اہم سیاحتی علاقوں میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیموں نے کارروائیاں کیں۔ معائنوں کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، غیر معیاری خوراک، زائد المعیاد اشیاء کے استعمال اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 11 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 53 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

حکام کے مطابق انتہائی ناقص صفائی اور غیر تسلی بخش صورتحال پر 2 فوڈ پوائنٹس کو عارضی طور پر بند بھی کر دیا گیا، جبکہ بڑی مقدار میں ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس، مضر صحت مصالحہ جات اور دیگر غیر معیاری اشیائے خورونوش تلف کر دی گئیں تاکہ سیاحوں کی صحت کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عید کی تعطیلات میں مری آنے والے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کے باعث خصوصی انسپکشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو مختلف علاقوں میں مسلسل نگرانی اور چیکنگ کر رہی ہیں تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اتھارٹی حکام نے فوڈ بزنس مالکان کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ صفائی، معیاری خوراک اور حفظان صحت کے اصولوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی کہ اگر کہیں ناقص خوراک، گندگی یا غیر معیاری اشیاء فروخت ہوتی نظر آئیں تو فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر شکایت درج کروائیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

اسرائیل اور لبنان کے درمیان اہم مذاکرات آج واشنگٹن میں، جنگ بندی اور سرحدی کشیدگی پر بڑی پیش رفت متوقع

محمود احمد May29,2026

واشنگٹن (نیوز اینڈ نیوز۔ 29 مئی 2026ء)

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنوبی لبنان میں مسلسل اسرائیلی حملوں کے تناظر میں اسرائیلی اور لبنانی فوجی حکام کے درمیان آج واشنگٹن میں انتہائی اہم مذاکرات ہونے جا رہے ہیں، جنہیں خطے میں ممکنہ امن اور جنگ بندی کے لیے ایک بڑی سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنانی اور اسرائیلی فوجی حکام امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں مذاکرات کے پہلے باضابطہ دور میں شرکت کریں گے، جہاں سرحدی کشیدگی، جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد، جنوبی لبنان کی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب اپریل کے وسط میں لبنان اور اسرائیل نے جنگ بندی میں توسیع پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم اس کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور فضائی حملوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے باعث خطے میں ایک بار پھر شدید بے چینی پیدا ہو گئی ہے۔

لبنانی وزیر اعظم نواف سلام نے اسرائیلی حملوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں کا کوئی جواز موجود نہیں، لبنان اپنی سرزمین کے مکمل تحفظ اور اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کے لیے ہر ممکن سفارتی اور سیاسی کوشش جاری رکھے گا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں واضح کیا کہ لبنانی حکومت کا بنیادی مقصد اپنی تمام سرزمین پر ریاستی رٹ کو مضبوط بنانا اور خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل فوجی کارروائیاں نہ صرف جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق واشنگٹن مذاکرات کو امریکا کی ایک اہم سفارتی کوشش سمجھا جا رہا ہے، جس کے ذریعے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور لبنان اسرائیل سرحد پر ممکنہ بڑے تصادم کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام کی جانب سے تاحال مذاکرات کے ایجنڈے کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مذاکرات میں سرحدی سکیورٹی، جنگ بندی کی نگرانی، حزب اللہ کی سرگرمیوں اور علاقائی استحکام جیسے اہم معاملات زیر بحث آئیں گے۔

بین الاقوامی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ مذاکرات کامیاب رہے تو یہ نہ صرف لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں بلکہ پورے مشرقِ وسطیٰ میں امن کی نئی راہیں بھی کھول سکتے ہیں۔

تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 3 خواتین سمیت 10 ملزمان گرفتار

منصور احمد ,May 29,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز۔ 29 مئی 2026ء)

انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات سمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 3 خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 21 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی تقریباً 15 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے قرب و جوار اور مختلف شہروں میں مجموعی طور پر 6 کامیاب کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 14.845 کلوگرام منشیات قبضے میں لی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

راولپنڈی میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران گاڑی سے 745 گرام آئس برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح رنگ روڈ پشاور کے قریب ایک خاتون کے قبضے سے 500 گرام آئس برآمد ہوئی، جس کے بعد ملزمہ کو حراست میں لے لیا گیا۔

اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے اے این ایف اہلکاروں نے ایک گاڑی سے 6 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

دیگر کارروائیوں میں سرنان، ضلع پشین کے ایک ہوٹل کے قریب 2 خواتین کے قبضے سے 4 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ اٹک کے قریب ایک گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ایک اور کارروائی میں ریلوے لائن روڈ پشاور کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ منشیات کے نیٹ ورک سے جڑے دیگر عناصر کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دریاؤں میں پانی کی آمد میں اضافہ، تربیلا اور منگلا ڈیم میں قابلِ استعمال ذخائر بہتر ہونے لگے

کاشف عباسی ,May 29 ,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز۔ 29 مئی 2026ء)

ملک بھر کے دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کی آمد و اخراج کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے مطابق بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ تربیلا اور منگلا ڈیم میں قابلِ استعمال پانی کے ذخائر بھی بہتر سطح پر موجود ہیں۔

واپڈا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 67 ہزار 500 کیوسک جبکہ اخراج 90 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کی آمد و اخراج 39 ہزار 200 کیوسک رہی، جبکہ خیرآباد پل پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 64 ہزار 800 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح دریائے جہلم میں منگلا ڈیم کے مقام پر پانی کی آمد 35 ہزار 200 کیوسک اور اخراج 34 ہزار کیوسک رہا، جبکہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 18 ہزار 300 کیوسک اور اخراج 7 ہزار کیوسک نوٹ کیا گیا۔

واپڈا کے مطابق تربیلا ڈیم کا کم از کم آپریٹنگ لیول 1402 فٹ ہے جبکہ موجودہ سطح 1449.50 فٹ ریکارڈ کی گئی۔ ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی زیادہ سے زیادہ سطح 1550 فٹ مقرر ہے اور اس وقت قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 0.997 ملین ایکڑ فٹ موجود ہے۔

منگلا ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح 1167.85 فٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ کم از کم آپریٹنگ لیول 1050 فٹ اور زیادہ سے زیادہ سطح 1242 فٹ ہے۔ منگلا ڈیم میں قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 2.474 ملین ایکڑ فٹ تک پہنچ چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چشمہ ڈیم کا کم از کم آپریٹنگ لیول 638.15 فٹ جبکہ موجودہ سطح 641.30 فٹ ریکارڈ کی گئی۔ چشمہ ڈیم میں قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 0.049 ملین ایکڑ فٹ موجود ہے۔

ماہرین کے مطابق ملک میں درجہ حرارت میں اضافے اور شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، جس سے آئندہ دنوں میں آبی ذخائر مزید بہتر ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کا مثالی عید صفائی آپریشن، 12 ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے

منصور احمد ,May 29,2026

راولپنڈی (نیوز اینڈ نیوز۔ 29 مئی 2026ء)

عیدالاضحیٰ 2026ء کے موقع پر ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی نے ضلع بھر میں صفائی کا بڑا اور کامیاب آپریشن مکمل کرتے ہوئے 12 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے لگا دیں، جبکہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی تمام 1500 شکایات کا فوری ازالہ بھی یقینی بنایا گیا۔

عید سے ایک رات قبل شروع ہونے والا یہ خصوصی صفائی آپریشن مسلسل چار روز تک جاری رہا، جس میں شہر بھر کے مختلف علاقوں، گلی محلوں، ٹرانسفر اسٹیشنز اور ڈمپنگ پوائنٹس پر آلائشیں اٹھانے، صفائی اور جراثیم کش اسپرے کا عمل بلا تعطل جاری رکھا گیا۔ آپریشن مکمل ہونے کے بعد تمام عارضی ٹرانسفر اسٹیشنز کو عرقِ گلاب سے دھویا گیا جبکہ تعفن اور جراثیم کے خاتمے کیلئے بھاری مقدار میں چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا۔

ستھرا پنجاب ایجنسی کے مطابق ڈمپنگ سائٹس پر کھودے گئے گڑھوں کو دوبارہ مٹی سے بھر کر وہاں بھی جراثیم کش اقدامات کیے گئے تاکہ ماحول کو آلودگی اور بدبو سے محفوظ رکھا جا سکے۔

عید کے تیسرے روز ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ورکرز سے ملاقات کرکے ان میں مٹھائی تقسیم کی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے عید صفائی آپریشن کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “ستھرا پنجاب وژن” کا عملی نمونہ قرار دیتے ہوئے پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے کہا کہ موثر مانیٹرنگ، فوری رسپانس اور جدید ویسٹ مینجمنٹ حکمتِ عملی کے ذریعے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا گیا۔
ڈی سی راولپنڈی و چیئرمین ستھرا پنجاب ایجنسی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں آلائشیں موجود نہیں رہنے دی گئیں اور ہر شکایت کا بروقت ازالہ کیا گیا۔

ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی رانا ساجد صفدر کے مطابق اس بڑے صفائی پلان میں 6 ہزار 340 سے زائد ورکرز اور 1066 گاڑیاں و مشینری حصہ لیتی رہیں، جبکہ تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے ہنگامی بنیادوں پر صفائی مہم جاری رکھی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کے افسران، فیلڈ ٹیموں اور ورکرز نے دن رات محنت کرکے راولپنڈی کو عید کے دنوں میں صاف ستھرا رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

اقوام متحدہ نے اسرائیل کو جنگی جنسی تشدد میں ملوث ممالک کی بلیک لسٹ میں شامل کر دیا

محمود احمد May29,2026

نیویارک/ اقوامِ متحدہ(نیوز اینڈ نیوز۔ 29 مئی 2026ء)

اقوام متحدہ نے اسرائیل کو جنگ کے دوران جنسی تشدد میں ملوث ممالک کی بلیک لسٹ میں شامل کر دیا ہے، جبکہ اس حوالے سے باقاعدہ تفصیلی رپورٹ جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے سلامتی کونسل کو پیش کی جانے والی سالانہ رپورٹ میں اسرائیل اور روس کو پہلے ہی خبردار کیا گیا تھا کہ انہیں ان ممالک اور فریقوں کی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے جن پر جنگ کے دوران جنسی تشدد اور مخالفین کے ساتھ زیادتیوں کے قابلِ اعتبار الزامات موجود ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے اپنی رپورٹ میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج اور سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مبینہ زیادتیوں اور جنسی تشدد کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق یہ مبینہ واقعات مختلف جیلوں، حراستی مراکز اور ایک فوجی اڈے پر پیش آئے۔

اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ برس اسرائیل کو جاری کیا گیا انتباہ ان شواہد کی بنیاد پر تھا جن میں بعض اقسام کے جنسی تشدد کے مسلسل واقعات پر سنگین خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے اس اقدام کو سیاسی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں اقوام متحدہ کی رپورٹ کو مسترد کر دیا۔

ادھر اسرائیلی وزارت خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے دفتر کے ساتھ تمام تعلقات ختم کر رہا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق سیکرٹری جنرل نے دیانت داری، غیر جانبداری اور پیشہ وارانہ اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے، اس لیے نئے سیکرٹری جنرل کی تقرری تک موجودہ دفتر سے روابط معطل رہیں گے۔

اس پر اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری جنرل کا دفتر اسرائیل سمیت تمام رکن ممالک کیلئے کھلا ہے اور اقوام متحدہ عالمی سفارتی روابط جاری رکھنے کیلئے پُرعزم ہے۔

فوجی طاقت دیرپا امن نہیں لا سکتی، پاکستان کا یوکرین جنگ پر فوری جنگ بندی اور مذاکرات کا مطالبہ

محمود احمد May29,2026

نیویارک/ اقوامِ متحدہ(نیوز اینڈ نیوز۔ 29 مئی 2026ء)

پاکستان نے یوکرین میں جاری جنگ کے فوری خاتمے کیلئے جنگ بندی، سفارت کاری اور مذاکراتی عمل کی بحالی پر زور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فوجی ذرائع کسی بھی صورت دیرپا اور پائیدار امن کی ضمانت نہیں بن سکتے۔

تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے یوکرین سے متعلق ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے حالیہ شدید جھڑپوں اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ مسلسل فوجی کشیدگی نہ صرف انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن رہی ہے بلکہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں، خصوصاً شہریوں اور سفارتی تنصیبات کے تحفظ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ حالیہ صورتحال نے ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا ہے کہ تنازعات کا پُرامن حل ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامع، مستقل اور باوقار امن کے حصول کیلئے سفارت کاری اور بامعنی مذاکرات ناگزیر ہیں۔

پاکستان نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں فوری اور مکمل جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگی کارروائیوں کے جاری رہنے کا ہر گزرتا دن عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے اور فریقین کو امن سے مزید دور لے جا رہا ہے۔

پاکستانی مندوب نے تنازع کے مذاکراتی حل کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں اور تمام فریقین کے جائز سلامتی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ کی سہولت کاری میں جاری مذاکراتی عمل جلد دوبارہ بحال ہوگا تاکہ یوکرین تنازع کے پُرامن حل کیلئے پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے یاد دلایا کہ پاکستان نے گزشتہ برس سلامتی کونسل کی قرارداد 2774 کے حق میں ووٹ دیا تھا اور پاکستان آئندہ بھی یوکرین تنازع کے جامع، دیرپا اور پُرامن حل کیلئے عالمی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

نیٹو مشرقی خطے میں بڑے فوجی تصادم کی تیاریوں میں مصروف ہے، روسی انٹیلی جنس چیف

محمود احمد May28,2026

ماسکو (نیوز اینڈ نیوز۔ 28 مئی 2026ء)

روسی خفیہ ایجنسی ایس وی آر کے ڈائریکٹر سرگئی ناریشکن نے دعویٰ کیا ہے کہ نیٹو مشرقی خطے میں بڑے پیمانے پر مسلح تصادم کی عملی تیاریوں میں مصروف ہے، جس سے عالمی سکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

روسی خبر رساں ادارے ٹی اے ایس ایس کے مطابق سرگئی ناریشکن نے یہ بیان روسی سکیورٹی کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ پہلے بین الاقوامی سکیورٹی فورم کے موقع پر اعلیٰ سطحی سکیورٹی حکام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو کی حالیہ سرگرمیاں، فوجی نقل و حرکت اور مشرقی یورپ میں بڑھتی ہوئی عسکری موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ مغربی اتحاد خطے میں ایک بڑے فوجی تصادم کیلئے تیاری کر رہا ہے۔

سرگئی ناریشکن کا کہنا تھا کہ روس اپنی قومی سلامتی، علاقائی استحکام اور دفاعی مفادات کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور بدلتی عالمی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

یہ اجلاس عالمی سکیورٹی چیلنجز، علاقائی تنازعات اور مختلف خطوں کو درپیش خطرات کے تناظر میں منعقد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے اعلیٰ سطحی حکام اور سکیورٹی نمائندوں نے شرکت کی۔ روسی خبر رساں ادارہ ٹی اے ایس ایس اس فورم کا اطلاعاتی شراکت دار ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق روس اور نیٹو کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث یورپ اور مشرقی خطے کی سکیورٹی صورتحال ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنتی جا رہی ہے۔

یومِ تکبیر کی 28ویں سالگرہ؛ مسلح افواج کا قومی سلامتی کیلئے ہر قربانی دینے کے عزم کا اعادہ

منصور احمد ,May 282026

راولپنڈی (نیوز اینڈ نیوز۔ 28 مئی 2026ء)

پاکستان کی مسلح افواج نے یومِ تکبیر کی 28ویں سالگرہ کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کے ایٹمی عزم، قومی سلامتی اور دفاع کے تحفظ کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) ہلالِ جرات، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نشانِ امتیاز (ملٹری) تمغۂ بسالت اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نشانِ امتیاز (ملٹری) ہلالِ جرات نے یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ تکبیر 28 مئی 1998ء کے اس تاریخی دن کی یاد میں منایا جاتا ہے جب پاکستان ایٹمی قوت بن کر ابھرا اور جنوبی ایشیا میں طاقت کا تزویراتی توازن بحال ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ تاریخی سنگِ میل پاکستانی قوم کے اتحاد، عزم، قربانی اور اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے دفاع کیلئے غیر متزلزل ارادے کی علامت ہے۔

مسلح افواج کے سربراہان نے اس موقع پر پاکستان کے سائنسدانوں، انجینئرز، دفاعی ماہرین اور افواجِ پاکستان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت قوم کی ایک مقدس امانت ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور قابلِ اعتماد دفاعی توازن کی ضامن ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ عظیم کامیابی دور اندیش قیادت، قومی یکجہتی، سائنسدانوں کی شبانہ روز محنت اور پاکستانی عوام و مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں کا عملی ثبوت ہے۔ پاکستان کی دفاعی صلاحیت ہر قسم کے خطرات کے خلاف قومی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار اور مضبوط ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع، قومی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنے عزم پر قائم ہیں اور ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ تکبیر کے موقع پر پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور شکر گزار ہے اور ایک مضبوط، متحد، مستحکم اور خوشحال پاکستان کیلئے اپنے اتحاد، چوکسی، قربانی اور قومی خدمت کے عہد کی تجدید کرتی ہے۔

پاکستان مسلح افواج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔

یومِ تکبیر پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع اور قومی خودمختاری کی علامت ہے، وزیراعظم شہباز شریف

محمود احمد May28,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز۔ 28 مئی 2026ء)

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998ء پاکستان کی قومی تاریخ کا ایک فیصلہ کن اور تاریخی لمحہ تھا، جب پاکستان نے پوری دنیا پر واضح کر دیا کہ وہ اپنی خودمختاری، سلامتی، وقار اور دفاع کے حق پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

یومِ تکبیر کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج قوم یومِ تکبیر منا رہی ہے تو اس موقع پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے، جنہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کا خواب دیکھا۔

وزیراعظم نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جراتمندانہ، دلیرانہ اور پُرعزم قیادت نے مئی 1998ء میں شدید عالمی دباؤ کے باوجود قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا تاریخی فیصلہ کیا، جس نے ملک کے دفاع کو ہمیشہ کیلئے مضبوط بنیادیں فراہم کیں۔

محمد شہباز شریف نے پاکستان کے ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ڈاکٹر ثمر مبارک مند، انجینئرز، سائنسدانوں، افواجِ پاکستان کے افسران و جوانوں اور ایٹمی پروگرام سے وابستہ تمام افراد کی خدمات کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان عظیم شخصیات کی محنت، قربانی، لگن اور غیر متزلزل عزم نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یومِ تکبیر قومی اتحاد، غیر متزلزل عزم اور اجتماعی قومی طاقت کی علامت ہے، جو نہ صرف پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کی عکاسی کرتا ہے بلکہ خطے میں امن اور تزویراتی استحکام کے قیام کے عزم کا بھی مظہر ہے۔

انہوں نے قوم پر زور دیا کہ اس تاریخی دن کے موقع پر ایک مضبوط، خوشحال، متحد اور خودانحصار پاکستان کی تعمیر کے عہد کی تجدید کی جائے، ایسا پاکستان جو قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط پر قائم ہو۔

عیدالاضحیٰ قربانی، اخوت اور قومی اتحاد کا پیغام دیتی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

کاشف عباسی ,May 27 ,2026

کوئٹہ / نیوز اینڈ نیوز

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ ہمیں قربانی، ایثار، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کا درس دیتی ہے، موجودہ حالات میں ان اقدار کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ بلوچستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

تفصیلات کے مطابق عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اراکینِ صوبائی اسمبلی، اعلیٰ سرکاری حکام، قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔

ملاقاتوں کے دوران شرکاء نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر بلوچستان کی مجموعی صورتحال، سکیورٹی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی، پائیدار امن اور صوبے کی ہمہ جہت ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہر مشکل وقت میں صبر، حوصلے اور استقامت کی روشن مثال قائم کی ہے اور حکومت عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے عملی اور نتیجہ خیز اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے مستقل حل کیلئے تمام ادارے بھرپور انداز میں متحرک ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ حکومت کا وژن ایک پُرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان ہے، جس کے حصول کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے عوام پر زور دیا کہ وہ عیدالاضحیٰ کے اس بابرکت موقع پر محبت، رواداری، بھائی چارے اور قومی اتحاد کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور استحکام کو مزید تقویت مل سکے