


روزینہ اسماعیل, September 08,2026
کوئٹہ (نیوز اینڈ نیوز) — 8 ستمبر 2026ء
بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (بی ای ای ایف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ خواندگی اور معیاری تعلیم کسی بھی معاشرے کی پائیدار ترقی، معاشی خوشحالی اور سماجی استحکام کی بنیاد ہیں۔
خالد ماندائی نے واضح کیا کہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا بنیادی مقصد صوبے کے باصلاحیت اور مستحق طلبہ و طالبات کو مالی مشکلات سے بالاتر ہو کر تعلیم کے حصول اور اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ای ای ایف حکومتِ بلوچستان کے تعلیم دوست وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مختلف اسکالرشپ پروگرامز کے ذریعے طلبہ و طالبات کی تعلیمی معاونت کا ایک انتہائی مؤثر، شفاف اور جامع نظام فراہم کر رہا ہے۔ میرٹ، شفافیت اور مساوی مواقع کے اصولوں کے تحت فراہم کی جانے والی ان اسکالرشپس کا مقصد نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع دینا اور انہیں مستقبل کا خودمختار و ذمہ دار شہری بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے تعلیم دوست وژن کے تحت صوبے میں تعلیم کو ترقی کے بنیادی محرک کے طور پر خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں یہ امر نمایاں ہے کہ صوبے کا کوئی بھی باصلاحیت بچہ محض مالی وسائل کی کمی کے باعث تعلیم کے اپنے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔ ادارہ اسی وژن کے تحت اسکول سے لے کر اعلیٰ ترین تعلیمی سطح تک اسکالرشپ اسکیمز کے دائرہ کار کو مسلسل وسعت دے رہا ہے۔
دستیاب سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے سی ای او بی ای ای ایف نے بتایا کہ ادارے کے مختلف پروگرامز کے تحت اب تک 23 ہزار 520 اسکالرشپس طلبہ و طالبات کو فراہم کی جا چکی ہیں۔ ان میں بی ایس، یونیورسٹی و کالج کی جزوی اسکالرشپس، اے ڈی پی، اے ڈی ای، انٹرمیڈیٹ، ڈی اے ای، میٹرک ڈسٹرکٹ ٹاپرز، کیڈٹ ایکسیلنس اسکالرشپ پروگرام، خصوصی طبقات کے لیے اسکالرشپس، بیرونِ صوبہ تعلیم، آکسفرڈ پاکستان پروگرام اور فارن پی ایچ ڈی پروگرامز شامل ہیں۔
خالد ماندائی نے زور دے کر کہا کہ اسکالرشپ محض مالی معاونت نہیں بلکہ بلوچستان کے انسانی سرمائے میں ایک طویل المدتی سرمایہ کاری ہے۔ ایک طالب علم کو تعلیم مکمل کرنے کا موقع فراہم کرنا دراصل ایک پورے خاندان کو مضبوط بنانے اور صوبے کے مستقبل کو روشن کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ مستقبل میں بھی میرٹ اور شفافیت کے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے خدمات کا دائرہ مزید وسیع کرے گا تاکہ کوئی بھی طالب علم مالی مجبوری کے باعث تعلیم سے دور نہ رہے۔