اپر چترال میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی: سڑکیں، پل اور مکانات متاثر، پاک فوج کی ریسکیو کارروائیاں جاری

منصور احمد, August 10,2026

اپر چترال (نیوز اینڈ نیوز) — 10 اگست 2026ء

خیبرپختونخوا کے ضلع اپر چترال میں طوفانی بارشوں اور تباہ کن فلیش فلڈ (سیلابی ریلوں) نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں سڑکیں، پل، مکانات اور زرعی اراضی شدید متاثر ہوئی ہیں۔ ملبے اور مٹی کے بڑے پیمانے پر جمع ہو جانے کے باعث علاقے میں آمدورفت اور عام معمولاتِ زندگی معطل ہو کر رہ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جگھور گول، شوٹ اور ہنجوگول کے علاقوں میں آنے والے تیز رفتار سیلابی ریلوں نے بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور گلیوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ متعدد علاقوں کا رابطہ دیگر اضلاع سے کٹ گیا تھا اور کئی شہری سیلابی پانی میں پھنس کر رہ گئے۔

بحران کی اس صورتحال میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کے جوان فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور بڑے پیمانے پر امدادی و ریسکیو سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے سیلاب میں گھرے شہریوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

اس کے ساتھ ساتھ بند سڑکوں اور شاہراہوں پر جمع ہونے والے مٹی اور پتھروں کے ملبے کو ہیوی مشینری کے ذریعے ہٹا کر سڑکوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے تاکہ امدادی سامان کی فراہمی میں دشواری پیش نہ آئے۔

مقامی رہائشیوں نے اس آفت کی گھڑی میں بروقت امدادی کارروائیوں اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ سیکیورٹی فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مشکل ترین حالات میں عوام کی جان و مال کا تحفظ اور ان کی بروقت مدد ہماری اولین ترجیح ہے اور تمام متاثرہ علاقوں میں بحالی کے مکمل ہونے تک ریسکیو و امدادی کام جاری رہیں گے۔