ایران کے وزیرِ داخلہ سکندر مومنی کی پاکستان مونومنٹ آمد، یادگارِ شہدا پر حاضری اور پھولوں کی چادر چڑھائی

منصور احمد, JULY 21,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 21 جولائی 2026ء

ایران کے وزیرِ داخلہ سکندر مومنی نے وفاقی دارالحکومت میں قائم ‘پاکستان مونومنٹ’ کا دورہ کیا اور یادگارِ شہدا پر حاضری دے کر وطنِ عزیز کی دفاع و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پاکستان مونومنٹ پہنچنے پر وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایرانی وزیرِ داخلہ کا پرُتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو باقاعدہ سلامی پیش کی۔ ایرانی وزیرِ داخلہ سکندر مومنی نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور شہدا کی عظیم اور بے مثال قربانیوں کے اعتراف میں احتراماً کچھ دیر خاموشی اختیار کی۔

بعد ازاں، معزز مہمان کو پاکستان مونومنٹ کے تاریخی پس منظر، منفرد فنِ تعمیر اور پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایرانی وزیرِ داخلہ نے یادگارِ شہدا اور پاکستان مونومنٹ کی تاریخی، قومی اور فنکارانہ اہمیت کو بے حد سراہا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے شکر پڑیاں کی پہاڑی سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی دلکش خوبصورتی اور سرسبز مارگلہ پہاڑی سلسلے کا نظارہ بھی کیا۔

دورے کے موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا اور ڈی آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر اعلیٰ سول اور پولیس افسران بھی موجود تھے۔