

کاشف عباسی , JULY 23,026
اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے میں امن، سلامتی اور پائیدار استحکام کے فروغ کے لیے اپنا قریبی تعاون جاری رکھیں گے، جبکہ بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور پورے خطے میں قانونی بحری آمدورفت اور بین الاقوامی تجارت کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے بھی مشترکہ حکمتِ عملی پر گامزن رہیں گے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری اپنے اہم پیغام میں وزیرِ اعظم نے بتایا کہ ان کی اپنے برادرِ گرامی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے تفصیلی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے۔ گفتگو کے دوران انہوں نے بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ اس نوعیت کے کارروائیاں قطعی ناقابلِ قبول ہیں، جو بین الاقوامی قوانین اور بحری آمدورفت کی آزادی کی صریح خلاف ورزی ہونے کے ساتھ ساتھ پورے خطے کے امن و سلامتی کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔
انہوں نے برادر ملک سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور تمام پاکستانی قوم اس مشکل گھڑی میں سعودی قیادت اور اپنے برادر عرب عوام کے ساتھ مکمل ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے بتایا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے مابین اس بات پر مکمل اتفاق ہوا ہے کہ دونوں ممالک سمندری تجارت اور شاہراہوں کو تحفظ فراہم کرنے اور خطے کے وسیع تر مفاد و امن کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گے۔

